کراچی ،پی آئی اے کے بیڑے کو جدید بنانے کیلئے نئے طیاروں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ،دو ایئر بس A-320 طیارے پہلے شامل ہو چکے جبکہ ویٹ لیز پرتیسرا طیارہ آج شامل ہو گیا

بدھ 13 اگست 2014 08:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء )پی آئی اے کے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کیلئے اس میں نئے طیاروں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت دو ایئر بس A320 طیارے پہلے شامل ہو چکے ہیں جبکہ ویٹ لیز پرتیسرا طیارہ آج شامل ہو گیا ہے۔ ان طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے کے فضائی آپریشن میں قابل استعمال طیاروں کی تعداد28 ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارمنیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے شاہ نواز رحمان نے نئے طیارے کی شمولیت پرکراچی ایئرپورٹ پر شعبہ انجینئرنگ میں الیکڑانک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شاہ نواز رحمان کا کہنا ہے کہ ہمار مشن پی آئی اے کی بحالی ہے اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم کے ویژن اور حکومت پاکستان کی سپورٹ سے ہم کامیابی سے اس جانب گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت سے تیل کی مد میں ہونے والے اخراجات میں خاطر خواہ کمی آنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو سفر کی آرام دہ سہولیات میسر آئیں گی۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈرائی لیز پر تیسرا طیارہ اکتوبر میں شامل ہو گا جبکہ ویٹ لیز شامل ہونے والے موجودہ طیارے کو اس درمیانی عرصہ کے دوران پروازوں کیلئے شیڈول میں فوری طور پر شامل کر دیا گیاہے اور ہماری کوشش ہے کہ دسمبر تک 7 سے10 مزید طیارے ڈرائی اور ویٹ لیز پر پی آئی اے میں شامل ہو جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کی شمولیت سے ایئر لائن کے ریونیو میں اضافہ ہو گا ۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے شاہ نواز رحمان نے کہا کہ نئے طیاروں کی ڈرائی لیز پر حصول کے عمل میں شفافیت کو مقدم رکھا گیا ہے اور ان طیاروں کی شمولیت کے بعد معطل کی گئی پروازیں بحال اور نئے مقامات کیلئے پروازیں شروع کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 28 اگست سے شروع ہو جائے گا اور اس سال بھی پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 747 اور 777 طیارے استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے بہتر حکمت عملی اور نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد جلد اپنے شاندارماضی کے مقام کو دوبارہ سے حاصل کر لے گی۔

متعلقہ عنوان :