انسدادِ دہشت گردی: 10 کروڑ ڈالرز کا سعودی عطیہ،دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں: سعودی سفیر

جمعہ 15 اگست 2014 08:55

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)سعودی عرب نے دنیا بھر میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے بین الاقوامی مرکز برائے انسداد دہشت گردی (آئی سی سی ٹی) کو دس کروڑ ڈالرز کا عطیہ دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں متعین سعودی سفیرعادل الجبیر نے اقوام متحدہ (نیویارک) میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اپنے ملک کی جانب سے یہ رقم عطیہ کی ہے۔

تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بین کی مون بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ ''دہشت گردی ایک برائی ہے اور اس کا عالمی کوششوں کے ذریعے دنیا سے خاتمہ کیا جانا چاہیے''۔ انھوں نے کہا کہ ''دنیا میں آئی سی سی ٹی ہی واحد مرکز ہے جس کو دہشت گردی سے نمٹنے کا عالمی اختیار حاصل ہے۔عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہے۔

انھوں نے واضح طور پرکہا کہ اسلام کا دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر عبداللہ المعلمی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹی دہشت گردی کے پیچھے پنہاں سوچ سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے۔انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب خطے اور اس سے باہر کے ممالک کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے امداد دے رہا ہے۔