مظاہرین کے قتل کا حکم نہیں دیا تھا،حسنی مبارک

جمعہ 15 اگست 2014 08:56

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)مصر کے سابق صدر حسنی مبارک نے عدالت میں اپنا دفاع کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ انھوں نے 2011ء کے اوائل میں اپنے خلاف عوامی بغاوت کے دوران مظاہرین کی ہلاکتوں کا حکم نہیں دیا تھا۔انھوں نے ملک کے عدالتی نظام پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔عر ب ٹی وی کے مطابق حسنی مبارک نے قاہرہ میں عدالت میں پہلے سے تیارشدہ بیان پڑھ کر سنایا ہے۔

انھوں نے کہا:''حسنی مبارک نے،جو آج آپ کے سامنے حاضر ہے،مظاہرین کی ہلاکتوں یا مصریوں کا خون بہانے کا حکم نہیں دیا تھا۔نیزمیں نے افراتفری پھیلانے کا حکم جاری کیا تھا اور نہ سکیورٹی خلا پیدا کرنے کا حکم دیا تھا۔مصر کے سابق صدر نے عدالت میں لمبا چوڑا بیان پڑھا ہے جس میں انھوں نے فوجی افسر کی حیثیت سے اپنے کردار سے لے کر فروری 2011ء میں اپنے اقتدار کے خاتمے تک کے ادوار کا احاطہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ''یہ شاید عدالت میں میری آخری پیشی ہو کیونکہ میری زندگی اختتام کی جانب گامزن ہے۔اللہ کا شکر ہے کہ میں ہوش وحواس میں ہوں اور میں مطمئن ہوں کہ میں نے یہ زندگی مصر کے دفاع میں گزاری ہے۔انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ بے گناہ ہیں اور کہا کہ ''انھوں نے باسٹھ سال تک مصر کی خدمت کی ہے''۔چھیاسی سالہ حسنی مبارک وھیل چئیر پر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

انھوں نے نیلے رنگ کی قیدیوں والی وردی پہن رکھی تھی اوریہ اس بات کی علامت تھی کہ انھیں اسی ہفتے بدعنوانی کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔مصر کی سرکاری خبررساں ایجنسی مینا نے اطلاع دی ہے کہ فوجی اسپتال نے گذشتہ اتوار کو عدالت کو لکھے گئے ایک خط میں کہا تھا کہ ان کی صحت اب بہتر ہے۔درایں اثناء عدالت نے کہا ہے کہ وہ حسنی مبارک کے خلاف اس کیس کا فیصلہ 27 ستمبر کو سنائے گی۔

متعلقہ عنوان :