کولمبو ٹیسٹ پہلا روز ، سری لنکن بیٹسمینوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ ،8 وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بنا لئے، اوپل تھارنگا کے شاندار 92رنز ، جنید خان کی 4وکٹیں ، طلحہ کی جگہ آنے والے وہاب ریاض 3وکٹیں لے اڑے ،سعید اجمل صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے

جمعہ 15 اگست 2014 08:46

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا کی پوزیشن مستحکم ،8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 261رنز بنا لئے ، پاکستان نے محمد طلحہ کی جگہ سے وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا ، جنید خان نے4، وہاب ریاض نے 3جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی ۔سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے سنہالی اسپورٹس کلب گراوٴنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو لنکن اوپنر نے 79 نرز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور کوشال سلوا 41 رنز بنا کر جنید خان کی گیند سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، سری لنکا کو دوسرا نقصان 141 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب کمارا سنگا کارا 22 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

(جاری ہے)

اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے مہیلا جے وردنے 4 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جب کہ اپل تھارنگا 92 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر وہاب ریاض کا دوسرا شکار بنے۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ تھریمانے کی گری جب وہ 20رنز بنا کر جیند خان کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اس کے بعد آنے والے کھلاڑی ڈک ویلا تھے جو 24رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے سری لنکا کی ساتویں وکٹ 249رنز کے سکور پر گری جب پریرا جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین واپس لوٹے دن کے اختتام پر سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 261رنز پر کپتان میتھیوز کی گری جب وہ 39رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے دن کے اختتام پر پرساد چار کے سکور پر ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں پاکستان کی طرف سے جنید خان نے چار ، وہاب ریاض نے تین جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :