گورنر سندھ کی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری ، مہمانوں کی کتاب میں عظیم قائد کے بارے میں اپنے تاثرات قلم بند کئے ، آج بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، جمہوریت کو کسی نے بھی نقصان پہنچایا تو یہ ایک المیہ ہوگا، ہمیں پاکستان کے بارے میں سوچنے اور کام کرنے کی ضرور ت ہے‘ ڈاکٹر عشرت العباد خان

جمعہ 15 اگست 2014 08:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ آج قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں عظیم قائد کے بارے میں اپنے تاثرات قلم بند کئے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے قوم کو 68 واں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے قائد اعظم کی جدوجہد ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ہے بانیان پاکستان نے ایک مقصد کیلئے پاکستان حاصل کیا جسے ہم عقیدت پیش کرتے ہیں ہمیں آزادی کی ذمہ داریاں پوریاں کرنی ہوں گی ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ہم نے کتنی قربانیوں سے یہ ملک حاصل کیا ہے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ پاکستان امن کا گہوارہ اور ہمیشہ قائم و دائم رہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے مسائل ہیں جسے ہمیں افہام و تفہیم اور مل جل کر حل کرنا ہوگا ہم سب مل کر اپنے اتحادسے پاکستان کو دنیا میں اول درجہ دلائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ جمہوریت کو کسی نے بھی نقصان پہنچایا تو یہ ایک المیہ ہوگا موجودہ صورتحال پر وزیر اعظم نے تمام سیاسی جاعتوں سے مل کر افہام و تفہیم کا راستہ نکالا ہے ہمیں پاکستان کے بارے میں سوچنے اور کام کرنے کی ضرور ت ہے۔