کوئٹہ ، ہزار گنجی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا، فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید

جمعہ 15 اگست 2014 08:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)کوئٹہ میں ہزار گنجی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم ا دھماکا ہوا، جس سے فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔یہ حملہ اس وقت ہوا جب سکیورٹی فورسز کا ایک کانوائے شریف آباد چوک کے قریب اپنے معمول کے گشت پر تھا۔نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کے ساتھ ایک سکیورٹی اہلکار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے سکیورٹی فورسز کے کانوائے کو نشانہ بنانے کے لیے ایک ریموٹ کنٹرول بم سڑک کے کنارے کچرے کے ڈھیر میں رکھ دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب فورسز کا کانوائے اس مقام پر پہنچا تو ایک زبردست دھماکا ہوا۔نشانہ بننے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔اس دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم اس دھماکے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے،اس واقعہ سے ایک روز قبل کوئٹہ میں ایک بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے تھے۔حالیہ دنوں میں بلوچستان کے اندر سکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر عسکریت پسندوں کے حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔پاکستان کا یہ صوبہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کشیدگی اور بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ قتل و غارتگری سے دوچار ہے۔