سعودی عرب: جبل النور کی صفائی کے لیے خصوصی ٹیم قائم کردی گئی، جبل النور کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے دستی جھاڑو کے ساتھ صفائی کے لیے الیکٹرک مشینیں بھی مہیا کی گئی ہیں،کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لیے مکمل انتظامات موجود ہیں،ڈائریکٹر جنرل برائے نظافت انجینیر محمد بن عبدالرحمان المورقی

پیر 22 ستمبر 2014 08:09

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء) سعودی عرب کی حکومت نے حج کے موقع پر ملک کے تمام اہم مقدس مقامات میں عازمین حج کی حفاظت اور ان کی بہبود کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں وہیں جبل النور "غار حرا" کی صفائی کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے حج اور عمرہ کی ادائی کی غرض سے حجاز مقدس آنے والے فرزندان توحید جبل النور کی زیارت اپنے لیے باعث اعزاز سمجھتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جبل النور اور غار حراء کے گرد و پیش زائرین کا ہر وقت ھجوم رہتا ہے۔ زائرین کی تعداد میں اضافے سے صحت وصٍفائی کے مسائل جنم لیتے ہیں لیکن مکہ مکرمہ کی شہری انتظامیہ نے مقدس جگہ کو پاک وصاف رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مقدس مقامات کی سروسز کے نگراں ادارے کے سیکرٹری جنرل انجینیئر عبدالسلام بن سلیمان مشاط نے میڈیا کو بتایا کہ جبل النور اور دیگر اہم مقامات کی صفائی کے لیے پہلے سے دوگنا انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صفائی کے متعلقہ عملے کو طہارت کو یقینی بنانے اور ماحول کو ہر قسم کی آلودگی سے بچانے کے لیے الیکٹرک آلات اور مشینیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔ خاکروب اور دیگر اہلکار نہ صرف اہم مقامات پر صفائی میں مصروف رہتے ہیں بلکہ چھوٹی سڑکوں اور پکڈنڈیوں کی صٍفائی کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کے موسم میں جدید سہولیات سے آراستہ 8500 افراد پر مشتمل صفائی کا عملہ چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر مصروف عمل ہے۔

ڈائریکٹر جنرل برائے نظافت انجینیر محمد بن عبدالرحمان المورقی نے کہا کہ جبل النور کی صٍفائی کو یقینی بنانے کے لیے دستی جھاڑو کے ساتھ صفائی کے لیے الیکٹرک مشینیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔ کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لیے مکمل انتظامات موجود ہیں۔ جبل النور میں مختلف مقامات پر رکھے گئے کوڑا دان روزمرہ کی بنیاد پر خالی کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :