مسلم لیگ(ن) نے مرکزی رہنما سردار ممتاز علی بھٹو کو منانے کا فیصلہ کرلیا ، شہبازشریف کا فون ،تمام تحفظات کو دور کرانے کی یقین دھانی ، وزیراعظم دورہ امریکہ سے واپسی پر ملاقات کریں گے،ذرائع

پیر 22 ستمبر 2014 08:03

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء)حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) نے سینئر سیاستدان اور سندھ میں مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سردار ممتاز علی بھٹو کو منانے کا فیصلہ کرلیا ہے،جہاں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے ممتاز علی بھٹو کو فون کرکے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا اور وزیراعظم دورہ امریکہ کے بعد وطن واپسی پر ان سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اتوار کے روز وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی اور اس ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ اور مسلم لیگ(ن) سندھ کے مرکزی رہنما سردار ممتاز علی بھٹو کو راضی کیا جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوازشریف کو تجویز دی ہے کہ وہ اپنے اقوام متحدہ کے اجلاس سے واپسی پر ممتاز بھٹو سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات دور کریں گے تاکہ سندھ میں مسلم لیگ(ن) کو مضبوط بنایا جاسکے اور پارٹی کے اندر بننے والی دھڑے بندی کو ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف کے وائس چےئرمین شاہ محمود قریشی نے 13ستمبر کو سردار ممتاز علی بھٹو سے لاڑکانہ میں ملاقات کی تھی اوراس ملاقات میں انہیں اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دی تھی،تاہم اتوار کے روز شہباز شریف کی طرف سے ممتاز بھٹو کو خصوصی طور پر فون پر کے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :