سعودی عرب میں دنیا کا بلند اور منفرد پرچم تیار کرلیا گیا، دنیا کے اس بلند ترین پرچم کو 170 میٹر اونچے”فلیگ پول“ پر جدہ میں شاہراہ اندلس کے کنارے واقع خادم الحرمین الشریفین گراوٴنڈ میں لہرایا گیا ، پرچم کی لمبائی 49 اعشاریہ پانچ اور چوڑائی 33 میٹر ہے جس میں مجموعی طور پر 1635 مربع میٹر کپڑا استعمال کیا گیا ہے۔ پرچم کا وزن 750 کلو گرام ہے

پیر 22 ستمبر 2014 08:09

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء)ہر ملک اپنے قومی پرچم کی عزت وقار اور اس کی سر بلندی کو اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے۔ اسی قومی فریضے کے تحت سعودی عرب میں ایک طویل وعریض پرچم تیار کیا گیا ہے جو دنیا کا سب سے بلند ترین پرچم بھی قرار دیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کو اس منفرد سعودی قومی پرچم کی ایک ویڈیو فوٹیج موصول ہوئی ہے۔ فوٹیج میں عبدالطیف جمیل نامی ایک شہری کی کاوش سے تیارکردہ پرچم کو سعودی عرب کے 84 ویں قومی دن کے موقع پر قوم کے نام ہدیہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں قومی دن کل (منگل کو) منایا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے اس بلند ترین پرچم کو 170 میٹر اونچے”فلیگ پول“ پر جدہ میں شاہراہ اندلس کے کنارے واقع خادم الحرمین الشریفین گراوٴنڈ میں لہرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پرچم کی لمبائی 49 اعشاریہ پانچ اور چوڑائی 33 میٹر ہے جس میں مجموعی طور پر 1635 مربع میٹر کپڑا استعمال کیا گیا ہے۔

پرچم کا وزن 750 کلو گرام ہے۔چھبیس ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط خادم الحرمین الشریفین گراوٴنڈ میں لہرائے گئے سعودی قومی پرچم پر کھجور اور دو تلواروں کا نشان دور سے دکھائی دیتا ہے۔منفرد پرچم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر شریف البحار نے میڈیا کو بتایا کہ بھاری بھرکم جھنڈے کو تھامنے کے لیے جدید آلات سے آراستہ 500 ٹن لوہے سے ایک بڑا پول تیار کیا گیا ہے۔

پول پر چڑھنے کے لیے اس کے ساتھ ایک سیڑھی بھی بنائی گئی ہے جس کے ذریعے جھنڈے کو اس کی چوٹی تک با آسانی پہنچایا جا سکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں البحار کا کہنا تھا کہ پرچم کو ریمورٹ کنٹرول کی مدد سے گردش دینے، ہوا کے رخ پر موڑنے، نمی کا تناسب معلوم کرنے، شدید بارش کے منفی اثرات سے بچانے، پول کی چوٹی پر ہوائی جہازوں کی رہ نمائی کے لیے وارننگ لائٹ، تیز ہوا سے اور آتش زدگی سے حفاظت کا بھی انتظام موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :