حیدرآباد،کچی زہریلی شراب پی کر مرنے والوں کا سلسلہ جاری

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 09:43

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اکتوبر۔2014ء) حیدرآباد اور اس کے گردونواح میں کچی زہریلی شراب پی کر مرنے والوں کا سلسلہ جاری ہے ، جمعہ کو بھی زہریلی شراب پینے سے پولیس کے ہیڈکانسٹیبل مشتاق ملاح سمیت مزید 6افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ اس طرح مرنے والوں کی تعداد4 روز میں 30سے تجاوز ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے نواحی علاقے ہوسڑی کے قریب اسپیشل برانچ کے ہیڈ کانسٹیبل مشتاق ملاح اور مچھر کالونی میں بھی گوپال کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہے ، حیدرآباد کے مختلف مقامات پر سے خرید کر استعمال کی جانے والی زہریلی شراب کی ہلاکتوں کے حوالے سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے محض خانہ پوری کیلئے تحقیقات تو شروع کی ہے لیکن اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات میں تحقیقات کی گئی ان کی نہ تو رپورٹ شائع ہوسکی اور نہ ہی اس کے بعد کوئی موثر حکمت عملی کرکے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی گئی۔

(جاری ہے)

اُدھر ایکسائز پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس نے اپنی نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر منشیات فروشوں اور شراب کی بھٹی چلانے والوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے لیکن اس حوالے سے عدالتوں میں ان گرفتار منشیات فروشوں کو پیش کئے جانے کی اطلاعات موصول نہیں ہو سکی ہیں معلوم ہوا ہے کہ پولیس گرفتار منشیات فروشوں سے بھی جوڑ توڑ میں مصروف ہے ۔