وزیراعظم کی تنازعات کے فوری حل کیلئے متبادل نظام کیلئے فوری قانون سازی کی ہدایت خیبرپختونخوا میں جرگہ متبادل نظام کی اہم مثال ہے‘ نواز شریف،متبادل نظام موجودہ نظام کیلئے تقویت کا باعث ہے،متبادل نظام میں اصلاحات سے عدالتی اخراجات کم ہوں گے، متبادل نظام میں اصلاحات سے بھی عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا،اجلاس سے خطاب

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے تنازعات کے فوری حل کیلئے متبادل نظام کے لئے فوری قانون سازی کی ہدایت کردی اور مثال خیبر پختونخوا کی دی کہ خیبرپختونخوا میں جرگہ متبادل نظام کی اہم مثال ہے۔ جمعہ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت تنازعات کے متبادل حل کے نظام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متبادل نظام موجودہ نظام کیلئے تقویت کا باعث ہے اور متبادل نظام میں اصلاحات سے عدالتی اخراجات کم ہوں گے جبکہ متبادل نظام میں اصلاحات سے بھی عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔ نواز شریف نے کہا کہ عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے تنازعات کے فوری حل کی ضرورت ہے اور مقدمات کی تحقیقات اور تفتیش میں تیزی لانے کیلئے ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کرکے ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جائے جبکہ وزیراعظم نے عوامی مسائل کے حل کیلئے متبادل نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متبادل نظام کیلئے اہلیت‘ دانش اور اچھی شہرت کے حامل افراد کو بااختیار بنایا جائے تاکہ متبادل نظام سے تنازعات کے حل کے بعد معاشرے میں ہم آہنگی بڑھے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں جرگہ متبادل نظام کی اچھی مثال ہے جبکہ وزیراعظم نے تنازعات کے حل کیلئے متبادل نظام کیلے فوری قانون سازی کی بھی ہدایت کردی۔