سچن ٹنڈولکر نے ممبئی کی سڑک پر جھاڑو لگا کر صفائی مہم میں حصہ لیا، بھارت کے وزیر اعظم نے ملک میں صفائی مہم کا آغاز کررکھا ہے جس میں کئی نامور شخصیات بھی علامتی طور پر شرکت کرکے عام لوگوں کو اس جانب راغب کررہی ہیں،ٹنڈولکر نے اس سلسلے میں برسوں سے گندگی کا ڈھیر بنے ہوئے بس اسٹینڈ کی صفائی کی، اس مہم میں ان کے ساتھ کئی رضاکار بھی شامل تھے

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 08:21

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2014ء) بھارت کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد سماجی کاموں میں زیادہ دلچسپی لینے لگے ہیں۔ ایک روز قبل انہوں نے فوجی تقریب میں شرکت کی تو اگلے دن جھاڑو، کدال اور پھاوڑا اٹھاکر ممبئی کی سڑک پر صفائی مہم میں حصہ ڈالنے نکل پڑے۔ بھارت کے وزیر اعظم نے ملک میں صفائی مہم کا آغاز کررکھا ہے جس میں کئی نامور شخصیات بھی علامتی طور پر شرکت کرکے عام لوگوں کو اس جانب راغب کررہی ہیں۔

ٹنڈولکر نے اس سلسلے میں برسوں سے گندگی کا ڈھیر بنے ہوئے بس اسٹینڈ کی صفائی کی، اس مہم میں ان کے ساتھ کئی رضاکار بھی شامل تھے۔ بعدازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی کاوش کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ ہم نے صبح سویرے کا م شروع کیا، جگہ کا انتخاب کوئی مسئلہ نہ تھا، مذکورہ بس اسٹینڈ کچرہ کونڈی بنا ہوا تھا جہاں تعفن ناقابل برداشت تھا ہم نے لگاتا ر کئی گھنٹے محنت کی، ابتدائی دو گھنٹے کے بعد سڑک پر دور کھڑے کئی رکشہ ڈرائیور بھی ہمارے ساتھ مل گئے اور کام مکمل کرلیا، اگلی صبح میں نے اسی جگہ بھی ایک بار پھر گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے دیکھے۔

(جاری ہے)

تاہم ہم نے اسے بھی مکمل صاف کردیا اور وہاں دیواروں کو رنگ دیا جبکہ مقامی میونسپل حکام نے ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پودے لگادیے اور پولیس نے غیر قانونی پارکنگ ممنوع قرار دے دی ہے۔سچن ٹنڈولکر نے اپنے دوستوں اور پرستاروں بھی اس مہم میں حصہ لینے کیلئے کہا ہے۔

متعلقہ عنوان :