بے وقت کے دھرنوں نے ملکی معاشی ترقی کے راستے میں بڑا رخنہ پیدا کیا ، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی،شہبازشریف،دھرنے دینے والوں کو پاکستان اور اس کے 18کروڑ عوام کی ترقی وخوشحالی سے کوئی غرض نہیں، چین کے صدرکا دورہ ملتوی ہوا، دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہونا تھے، ہٹ دھرمی اور ضد سے قومی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ،ہماری سوا سال کی محنت ضائع ہوئی، انہوں نے ملک کی ترقی پر کاری ضرب لگائی اور ملک و قوم سے کھلی دشمنی کی ہے ، سیلاب زدگان کو مالی امداد کی تقسیم کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا، دوسرے مرحلے کا آغاز20 اکتوبر سے کیا جارہاہے،وزیراعلیٰ کا گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 07:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ دھرنوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طو رپر دھچکا لگاہے-بے وقت کے دھرنوں نے ملک کی معاشی ترقی کے راستے میں بڑا رخنہ پیدا کیاہے -دھرنے دینے والوں کو پاکستان اور اس کے 18کروڑ عوام کی ترقی وخوشحالی سے کوئی غرض نہیں-بے وقت کے دھرنوں کی وجہ سے ہمسائیہ ملک چین کے صدرکا اہم دورہ ملتوی ہوا،اس دورے کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہونے تھے او ربجلی سمیت دیگر کئی ایک منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جانا تھا-پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری لانے اور تعاون بڑھانے کے لئے صدر مملکت اوروزیراعظم نے چین کے دورے کئے اور میں بھی 9مرتبہ چین گیالیکن دھرنوں اور انتشار کی سیاست نے ہماری سوا سال کی محنت کو ضائع کیا ہے ،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں ، پارٹی کے انتظامی امور اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا-صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری ، انسپکٹرجنرل پولیس،مختلف محکموں کے سیکرٹریز ، ترقیاتی اداروں کے سربراہان اور گوجرانوالہ ڈویژن کے انتظامی اور پولیس افسران بھی اجلاس میں موجود تھے،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دھرنے والوں کی ہٹ دھرمی اور ضد سے قومی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان ہواہے-قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی-دھرنے دینے والو ں نے نہ صرف ملک کی ترقی پر کاری ضرب لگائی بلکہ ملک و قوم سے کھلی دشمنی کی ہے -

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں محنت اور جدوجہد کے ذریعے ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالیں گے او رانشاء الله وہ وقت دور نہیں جب ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر رواں دواں ہوگا -انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب نے پنجاب میں بے پناہ تباہی مچائی ہے ،مویشیوں ،گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے،لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں اور ہزاروں لوگوں کا ذریعہ معاش متاثرہواہے-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ،صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی او رتمام اداروں نے سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی ہے جس پر ان کا شکر گزار ہوں-سیلاب زدگان کو مالی امداد کی تقسیم کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکاہے -دوسرے مرحلے کا آغاز 20اکتوبر سے کیا جارہاہے او راس مقصد کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے -انہوں نے کہاکہ جس طرح پانیوں میں گھرے سیلاب زدگان کی مدد اور انہیں ریلیف فراہم کیا گیاہے اسی جذبے سے کام کرتے ہوئے ان کی بحالی کے عمل کو بھی مکمل کرناہے-انہوں نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ایک ماہ میں کام شروع کر دے گا-انہوں نے کہاکہ تمام محکموں کو روایتی طریقہ کار چھوڑ کر عوام کے مسائل کے حل کیلئے متحرک اور فعال کردارادا کرنا ہوگا- تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لئے پولیس نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں-دھرنوں کے باعث ضائع ہونے والے وقت کی محنت، عزم اور نئے جذبے کے ساتھ تلافی کریں گے -انہوں نے کہاکہ اوپر سے نچلی سطح تک خود احتسابی کا نظام انتہائی ضروری ہے-موجودہ نظام کو عوام کی امنگوں کے مطابق ڈلیور کرنا چاہیے-انصاف کی فراہمی اور مہنگائی کے سدباب کے لئے عوامی نمائندے بھرپو رطریقے سے ذمہ داریاں نبھائیں -ترقی کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے -عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے ضلع کی سطح پر مانیٹرنگ سسٹم انتہائی ضروری ہے -فیلڈ افسران ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دیں ،اراکین اسمبلی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف کی عوامی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے دن رات سیلاب زدگان کی مدد کی جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں اور انہیں دعائیں دے رہے ہیں -انہوں نے کہاکہ عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خدمت خلق کی سیاست کو بے حد پسند کرتے ہیں -عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورحکومت پر اعتماد کرتے ہیں اور مکمل طو رپر اس کے ساتھ ہیں۔