ضلعی انتظامیہ نے پاکستان عوامی تحریک کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں 12،اکتوبرکوجلسہ کرنے کی تحریری اجازت دے دی،جلسہ کے منتظمین کوبھی طے شدہ شرائط پرعملدرآمد کرنا ہوگا

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 08:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2014ء)ضلعی انتظامیہ نے پاکستان عوامی تحریک کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں 12،اکتوبرکوجلسہ کرنے کی تحریری اجازت دے دی ہے تاہم جلسہ کے منتظمین کوبھی طے شدہ شرائط پرعملدرآمد کرنا ہوگا جس کے مطابق جلسہ میں کسی بھی مذہبی گروپ/پارٹی/فرقہ کے جذبات کو مجروح نہیں کیا جائے گا،اسلحہ کی نمائش اورآتش بازی ممنوع ہوگی جبکہ ساؤنڈ سسٹم/سپیکرزگراؤنڈ کے اندر آہستہ آواز میں استعمال ہوسکیں گے۔

ٹریفک بہاؤ کے لئے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی اورآرگنائزر کی طرف سے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ کے باہر استقبالیہ ڈیسک قائم نہیں کئے جائیں گے تاہم ضروری ہوا توڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سے مخصوص جگہوں پر استقبالیہ ڈیسک قائم کرنے کی اجازت لی جائے گی۔

(جاری ہے)

جلسہ سے متعلق کسی جگہ بھی وال چاکنگ نہیں ہوگی اور بینرز سٹیمرزڈی او (سپیشیل پلاننگ)کی اجازت کے بغیر آویزاں نہیں ہوں گے اور کسی بھی بینریا سٹیمر پر قابل اعتراض تحریر نہیں ہوگی۔

عوامی پیغامات پر مبنی بینرز،سٹیمرزمیں مداخلت یا اتارے نہیں جائیں گئے۔پرامن ماحول برقرار رکھاجائے گا اور قابل اعتراض/جارحانہ نعرے بازی ممنوع ہوگی اور شہریا شہر سے باہر کسی کو جلسہ میں شرکت کے لئے مجبور نہیں کیا جائے گا۔جلسہ کے مقام پر عوام الناس کے تحفظ اور امن عامہ قائم رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ/ضلعی پولیس کی طرف سے کسی بھی گاڑی یا شخص کی تلاشی لی جاسکے گی۔

کسی بھی سیاسی،مذہبی یا کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والی شخصیت کا پتلا یا قومی پرچم نہیں جلائے جائیں گے۔ٹریفک روٹس اورجلسہ میں آنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی طرف سے مخصوص ہوگی۔پنڈال اور سٹیج کے نزدیک اور ارد گردسیکورٹی کی ذمہ داری جلسہ انتظامیہ پر ہوگی اور منتظمین کو پی ایچ اے کے تقاضوں کو بھی پورا کرنا ہوگا جبکہ جلسہ کے اختتام پرشرکاء کے منتشر ہونے پر تمام پابندیوں پر عملدرآمد کویقینی بنانا ہوگا۔