کولکتہ: رکن اسمبلی کی جیل میں خودکشی کی کوشش،ہسپتال منتقل، کنال گھوش کی کوٹھڑی سے نیند کی 58 گولیاں برآمد کی گئی ہیں ،یہ معلوم کرنا مشکل ہے کہ کنال نے کتنی گولیاں کھائی ہیں،ذرائع کولکتہ جیل

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:31

بنگال (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء)مغربی بنگال کے بدنام شاردا چٹ فنڈ فراڈ کے اہم ملزمان میں شامل رکن اسمبلی کنال گھوش نے کولکتہ کی جیل میں خودکشی کی کوشش کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کولکتہ جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی کوٹھڑی سے نیند کی 58 گولیاں برآمد کی گئی ہیں تاہم یہ معلوم کرنا مشکل ہے کہ کنال نے کتنی گولیاں کھائی ہیں۔

یہ جیل حکام کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس طرح کے ہائی پروفائل قیدی کی حفاظت کو یقینی بنائے جبکہ وہ خودکشی کی باقاعدہ دھمکی بھی دے چکا ہو۔جیل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ادیر شرما نے کہا: ’کنال گھوش کو صبح ہی ہسپتال لے جایا گیا ہے اور وہ فی الحال ہوش میں ہیں۔ہسپتال سے ملنے والی معلومات کے مطابق شروع میں کنال کی نبض بہت تیز چل رہی تھی، البتہ پیٹ صاف کیے جانے کے بعد ان کی حالت میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

فی الحال انھیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے اور ہسپتال کا میڈیکل بورڈ مسلسل ان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ایک طرف ہسپتال میں کنال گھوش کا علاج جاری ہے تو دوسری طرف جیل کے اندر کی سکیورٹی پر سوال بھی اٹھ رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’یہ جیل حکام کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس طرح کے ہائی پروفائل قیدی کی حفاظت کو یقینی بنائے جبکہ وہ خودکشی کی باقاعدہ دھمکی بھی دے چکا ہو۔

خیال رہے کہ کنال گھوش کی خودکشمی کی دھمکی کے بعد جج نے بھی جیل کے حکام کو ان کی سکیورٹی میں بہتری لانے کی ہدایت دی تھی۔یادرہے کہ کنال گھوش شاردا میڈیا گروپ کے سربراہ تھے اور انھیں پولیس نے گذشتہ سال گرفتار کیا تھا۔کنال ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر راجیہ سبھا کے رکن ہیں لیکن گرفتاری کے بعد سے وہ پارٹی سے معطل ہیں۔انھیں وزیرِ اعلیٰ ممتا بنر جی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا رہا ہے۔

بی بی سی ہندی کے امیتابھ بھٹاسالی کے مطابق کنال گھوش نے تین دن پہلے دھمکی دی تھی کہ اگر 72 گھنٹوں کے اندر اندر ’چٹ فنڈ‘ گھپلے میں شامل دیگر ’ہائی پروفائل‘ افراد کو حراست میں نہیں لیا گیا تو وہ خودکشی کر لیں گے۔انھوں نے یہ دھمکی معاملے کی عدالتی سماعت کے دوران دی تھی۔کنال نے اس معاملے کی سی بی آئی کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں بھی جانبداری کا الزام لگایا تھا۔دھمکی کے بعد 72 گھنٹے پورے ہونے کے بعد کنال نے نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔

متعلقہ عنوان :