سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف درج کرپشن مقدمات کی سماعت 17نومبر تک ملتوی،ایس ،جے ،ایس اور کوٹیکنا ریفرنس میں نیب نے دلائل مکمل کر لئے آئندہ سماعت پر اے آر وائی گولڈ اور ارسسز ٹریکٹر ریفرنس پر نیب اپنے دلائل دے گا

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء )احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف درج کرپشن مقدمات کی سماعت 17نومبر تک ملتوی کردی ۔ایس ،جے ،ایس اور کوٹیکنا ریفرنس میں نیب نے دلائل مکمل کر لئے آئندہ سماعت پر اے آر وائی گولڈ اور ارسسز ٹریکٹر ریفرنس پر نیب اپنے دلائل دے گا ۔جمعہ کو عدالت نے سماعت شروع کی تو نیب حکام نے ایس ،جے ،ایس اور کوٹیکنا ریفرنس میں دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم پر نیب گواہان اور دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کر دے گا ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کے دلائل سے جوابی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کے پاس کسی بھی قسم کے دستاویزی ثبوت نہیں ہیں اگر ایسا ہے تو انہیں سامنے لایا جائے ۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میرے موکل پر صرف فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے نہ تو وہ اس وقت وزیر تھے اور نہ ہی متعلقہ اتھارٹی نیب معاملے کو جان بوجھ کر طول دے رہا ہے ۔عدالت نے سماعت 17نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ نیب آئندہ سماعت پر اے آر وائی گولڈ اور ارسسز ٹریکٹر ریفرنس پر اپنے دلائل دے ۔