اپوزیشن جماعتوں کا خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس سے حکومتی اراکین کے خلاف بائیکاٹ ختم ، اجلاس میں شرکت ،سپیکر کی کمیٹی کا اپوزیشن چیمبرمیں تمام اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈرز سے معذرت کااظہار

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء)اپوزیشن جماعتوں نے خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس سے حکومتی اراکین کے خلاف بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی۔جبکہ سپیکر کی کمیٹی نے اپوزیشن چیمبرمیں تمام اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈرز سے معذرت کااظہار کیا۔جمعہ کے روز خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ ختم کرکے اجلاس میں حصہ لیا۔

جس پر حکومتی اراکین نے اپوزیشن کا استقبال کیا۔ اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیربلدیات عنایت اللہ نے کہاکہ وہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو خوش آمدیدکہتے ہیں خیبرپختونخوااسمبلی اپنی روایات رکھتی ہے اور اس دن اسمبلی کے روایات ٹوٹ گئے تھے اپوزیشن نے بعدمیں بھی جمہوری طریقہ کار اپنایا اسمبلی میں بعض اوقات تلخ جملوں کا تبادلہ ہوتاہے اوربعض اوقات غیرپارلیمانی الفاظ کہے جاتے ہیں اور بعض اوقات اس سے بھی آگے قدم اٹھایاجاہے دونوں فریقین کو ایوان کا تقدس برقراررکھناچاہیے اس پورے عمل میں حکومت کوزیادہ ذمہ داری کاثبوت دیناپڑتاہے حکومت کو اس دن تحمل کا مظاہرہ کرناچاہیے تھا انہوں نے کہاکہ موجودہ اسمبلی ایک تاریخ بنارہی ہے یہاں پر عوامی مسائل کے حل کیلئے قوانین بنائے جاتے ہیں اس لئے صوبائی اسمبلی میں خوشگوارماحول کوبرقراررکھنے کیلئے تمام اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈرز کو ساتھ ملاکرایک کمیٹی بنانی چاہیے اس موقع پر سپیکر نے کہاکہ تمام پارلیمانی لیڈرزکاایک اہم اجلاس عنقریب بلایاجائے گا تاکہ اسمبلی کو احسن طریقے سے چلایاجاسکے صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہاکہ اس دن جو کچھ بھی ہوا وہ نہیں ہوناچاہیے تھا ہماراایک واضح موقف ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اب اس دھاندلی کو کیسے روکاجائے اس کیلئے اگلا قدم اٹھاناچاہیے شاہ فرمان نے کہاکہ قومی قیادت احترام کادرجہ رکھتی ہے اس کی ہرزہ سرائی نہیں ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تیس اکتوبر کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن اراکین کے مابین تلخ کلامی ہوئی تھی اور بات ہاتھاپائی تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے بائیکاٹ کااعلان کیاتھا۔اپوزیشن کے بائیکاٹ کے خاتمے کیلئے سپیکر نے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز سپیکر کی کمیٹی نے اپوزیشن چیمبرمیں تمام اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈرز سے معذرت کااظہار کیااوران سے درخواست کی کہ وہ ایوان میں ان سے معافی یا معذرت کا مطالبہ نہ کریں جس پر اپوزیشن اراکین نے حامی بھرلی۔

متعلقہ عنوان :