وفاقی دارالحکومت کے تھانہ رمنا کی حدود میں دوگروپوں میں تصادم، 5 افراد معمولی زخمی ،اہل سنت والجماعت کا جلوس کے روٹ پر دھرنا ، جلوس کے قریب آنے پر کشیدگی بڑھ گئی، آئی جی اسلام آباد موقع پر پہنچ گئے،اہل سنت والجماعت جلوس کو روکنا جبکہ اہل تشیع آگے بڑھنا چاہتے تھے جس کے باعث تصادم ہوا، تھانہ رمنا پولیس کا موقف، علامہ عارف واحدی موقع پر پہنچ گئے، شرکاء کو صبر و تحمل کی تلقین

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ رمنا کی حدود میں دوگروپوں میں تصادم، 5 افرادمعمولی زخمی ہوگئے،اہل سنت والجماعت کا جلوس کے روٹ پر دھرنا ، جلوس کے قریب آنے پر کشیدگی بڑھ گئی، جلوس پر پتھراؤ اور اشتعال انگیز نعرو ں کے باعث کشیدگی بڑھی، آئی جی اسلام آباد موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ اہل سنت والجماعت جلوس کو روکنا چاہتے تھے، اہل تشیع آگے بڑھنا چاہتے تھے جس کے باعث تصادم ہوا، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی موقع پر پہنچ گئے،جلوس کے شرکاء کو صبر و تحمل کی تلقین کی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین تھری سے سالانہ جلوس عزا برآمد کیاگیا جیسے ہی جلوس انکوائری سٹاپ پر پہنچا تو اہل سنت والجماعت نے کارکنوں نے روٹ کے راستے پر دھرنا دیدیا اس موقع پر پولیس نے دھرنا والوں کو اٹھانے کی کوشش کی مگر انہوں نے اٹھنے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ بعدازاں پولیس نے جلوس کے شرکاء کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی مگر اہل تشیع اپنا جلوس مکمل کرنے پر بضد تھے جیسے ہی جلوس چند قدم آگے بڑھا تو مخالف سمت سے اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے جس سے ماحول اور بھی کشیدہ ہوگیا ، جلوس کے شرکاء جیسے ہی آگے بڑھے تو مخالف سمت سے پتھراؤ کیاگیا اور مبینہ طور پر اکادکا فائر بھی کئے گئے جس پر جلوس کے چند لوگوں نے بھی جوابی پتھراؤ کیا ، پتھراؤ کے باعث چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔

ذرائع کے مطابق حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کے افسران اور رینجر ز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی گئی اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی بھی مذکورہ جگہ پہنچ گئے اور انہوں نے جلوس کے شرکاء کو صبر و تحمل کی تلقین کی اور بعد ازاں انہوں نے نما ز مغربین باجماعت ادا کرائی ۔

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے تھانہ رمنا کے پولیس سٹیشن سے صورتحال جاننے کیلئے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے بتایاکہ اہل تشیع کا جلوس جیسے ہی برآمد ہو ا تو اہل سنت والجماعت کے کارکنوں دھرنا دے کر اسے روکنے کی کوشش کی جبکہ اہل تشیع روٹ کے مطابق امام بارگاہ کی جانب جانے کیلئے بضد تھے جس پر تصادم ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ جیسے ہی اس صورتحال کا علم ہوا آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان سمیت اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اورپولیس نے صورتحال پر قابو پالیا۔پولیس نے مزید بتایاکہ آئی جی طاہر عالم نے دونوں فریقین سے رابطے کئے اور ان کے درمیان مذاکرات کی کوششیں کیں جوکہ آخری اطلاعات تک جاری تھیں۔