بھارت:ریاست اڑیسہ میں پل کے نیچے سے 21 انسانی کھوپڑیاں برآمد

منگل 25 نومبر 2014 08:47

اڑیسہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25نومبر۔2014ء)بھارت کی مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ میں پوری کونارک میرین ڈرائیو کے راستے میں ایک پل کے نیچے سے 21 انسانی کھوپڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کش بھدرا دریا پر لیایھیا کے مقام پر موجود پل کے نیچے ان انسانی یھوپڑیوں کے علاوہ تین بھینسوں کی یھوپڑیاں، بہت سی ہڈیاں، کچھ خشک پھول، سندور کی ڈبیا اور پوجا میں استعمال ہونے والی دوسری چیزیں ملی ہیں۔

ان تمام چیزوں کی ایک جگہ موجودگی سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ جادو ٹونے کے لیے دی جانے والی قربانی کا بھی ہو سکتا ہے۔مقامی صحافی سندیپ ساہو کے مطابق پولیس نے ایک مقامی تانترک (جادو ٹونے کے ماہر) پدیا بابا کو حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی پولیس افسر سوباس موہنتی نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم نے تمام کھوپڑیوں کو جانچ کے لیے کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج ہسپتال میں قائم فورینسک میڈیسن ڈیپارٹمنٹ میں بھیج دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ’رپورٹ آنے کے بعد ہی ہم کسی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے گزشتہ شام تک وہاں اس قسم کی کوئی چیز نہیں دیکھی تھی۔اس سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ کسی نے سنیچر کے روز دیر رات یہ چیزیں وہاں پہنچائی ہیں۔مقامی صحافی کے مطابق علاقے میں اس بارے میں طرح طرح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔