تحریک انصاف کے کارکن کی نماز جنازہ ادا، ملک بھر میں یوم سوگ، عدالتی بائیکاٹ

بدھ 10 دسمبر 2014 08:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2014ء )فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن حق نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، پی ٹی آئی کا ملک بھر میں یوم سوگ ، فیصل آباد اور ملتان میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکن حق نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں مقامی قیادت اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کی نماز جنازہ پہاڑی گراوٴنڈ میں قاری عبدالرشید کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شیخ خرم ظفر ، عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور ، بشارت جسپال ، مسلم لیگ ق کے چوہدری ظہیرالدین کے علاوہ عزیز واقارب ، تحریک انصاف کے کارکنوں ، دوستوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کارکن کی ہلاکت پر تحریک انصاف نے منگل کو ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ۔فیصل آباد اور ملتان میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔ حق نواز گزشتہ روز مسلم لیگ نواز اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی مڈ بھیڑ کے دوران رانا ثنا اللہ کے داماد رانا شہر یار کے گارڈ کی براہ راست فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ حق نواز کی تدفین مقامی قبرستان صدیقیہ میں کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :