فیصل آباد ، موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کا رکن جا ں بحق ، واقعہ کے خلا ف محکمہ ہیلتھ کے ملازمین اور ٹیچر یونین کا احتجاجی مظاہرہ،ہلاکت کی ابتدائی رپورٹ جاری ، پولیو ورکر کے قتل کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جنداللہ نے قبول کرلی ، سکول ٹیچر سرفراز کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے،ڈی سی او نورالامین ،وزیراعلیٰ کا واقعہ کا سخت نوٹس،لواحقین کیلئے 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان ،آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب ، ملزمان کی گرفتاری کا حکم، پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت، بچوں کو موذی بیماری سے بچانے والوں پر فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے،شہباز شریف

بدھ 10 دسمبر 2014 08:22

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2014ء) فیصل آباد میں دونامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کرکے انسداد پولیو ٹیم کا انچارچ سکول ٹیچر کو مو ت کے گھا ٹ اتا ر دیا المناک واقعہ پرمحکمہ ہیلتھ کے ملازمین اور ٹیچر یونین کا ضلع کونسل چوک میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لئے کئے جانیو الے انتظامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، دھرنا دیا۔

‘ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق گلی نمبر2 مٹھائی والا چوک بلال چوک کا رہائشی 35سالہ سر فراز ولد شفیع محمد صبح اپنے ساتھیوں کے ہمراہ یونین کونسل 228 کے علاقے پیپلز کالونی نمبر1‘Bبلاک میں رحمانیہ ہائی سکول کے نزدیک بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف تھا کہ اس دوران ہنڈا125 موٹر سائیکل نمبری 8687 جی ای ایل پر سوار ہو کر آنے والے نقاب پوش مسلح افراد نے ان پر گولیاں بر سا دیں ‘ گولیاں لگنے سے سر فرازلہو لہان ہو گیا جسے فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زندگی کی بازی ہار گیا‘ افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیل گیا اور استاہذ ہ ،محکمہ ہیلتھ اورطلباء نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اورضلع کو نسل چوک میں ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اوردھرنا دیا ،انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی،حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت فراہم کرے ورنہ ہم ملازمین کام نہیں کریں گے، جبکہ سی پی او فیصل آباد ڈاکٹرسہیل تاجک موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کرواد ی‘ یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت کی ہدایت پر ملک کے دیگر علاقوں کی طرح فیصل آباد میں بھی انسداد پولیو کی 3روزہ مہم شروع کی گئی جو گزشتہ روز تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث متاثر ہوئی جبکہ صبح سویرے ایک پولیو ورکر کو موت کی نیند سلا دیا گیا جس کی وجہ سے آج دوسرے روز بھی پولیو مہم متاثر ہوئی ‘ پولیس تا حال قاتلوں کا سراغ نہ لگا سکی ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کی ضلعی انتظامیہ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے ، اس سلسلہ میں سی پی او فیصل آباد سہیل تاجک نے ایس پی مدنیہ ٹاؤن سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو 24گھنٹے میں گرفتار کیا اور انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لئے انتظامات مزید سخت کیا جائے ۔

پولیو ویکسین کے رضا کارسکول ٹیچرمحمد سرفراز کی ہلاکت کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی گئی، قتل کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیدیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقتول سکول ٹیچرپر دوماہ قبل بھی قاتلانہ حملہ ہواتھا اوریہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ ڈی سی اونورالامین مینگل نے ضلع میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں پولیو ورکرز کی سیکورٹی کو جامع بنانے کی ہدایت کی ہے اور انہوں نے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی ڈیوٹی کے دوران سکول ٹیچرمحمد سرفراز کی فائرنگ سے ہلاکت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے لیکن ڈیوٹی کے دوران ایسا واقعہ قابل افسوس ہے مہم پر عملدرآمد جاری رہے گا تاہم سٹاف کے تحفظ کویقینی بنایا جائے گا ۔

اس سلسلے میں پولیس کے گشت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے یہ بات پیپلز کالونی کی یونین کونسل نمبر228میں پولیو ورکرسکول ٹیچرمحمد سرفراز کی فائرنگ کے واقعہ میں ہلاکت کے بعد منعقدہ ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایس ایس پی (آپریشن)امیر عبداللہ نیازی،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرکنوراعجازخالق،ڈی او(سی)شفیع اللہ خاں،اسسٹنٹ کمشنرز شاہ رخ نیازی،رافیعہ حیدر،ای ڈی او(ہیلتھ)ڈاکٹروقار صادق،ڈی اوہیلتھ ڈاکٹرلیاقت علی اوردیگر افسران موجود تھے۔

۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز اہم قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں جن کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ سی پی او ڈاکٹرسہیل حبیب تاجک نے کہا کہ پولیو ورکرکے قتل میں ملوث ملزمان سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے پولیس افسران سے کہا کہ و ہ پولیو ورکرز کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں تاکہ انہیں محفوظ ہونے کا احساس رہے۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وہ بھی پولیو ورکرز کی ذمہ داری سے نگرانی کریں اورتمام ترسیکورٹی خدشات کو مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے پولیو مہم کے اہداف حاصل کرنے پرزور دیا ۔ادھرپولیو ورکر رحمانیہ ہائی سکول کے ٹیچر کے قتل کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جنداللہ نے قبول کرلی جبکہ ڈی سی او فیصل آباد نورالامین کا کہنا ہے کہ مقتول سرفراز کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی مشیر صحت خواجہ سلیمان رفیق فیصل آباد پہنچے،جہاں انہوں نے مقتول پولیو ورکر،جنہیں دو موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا،کے گھر تعزیت کیلئے گئے۔

صوبائی مشیر صحت نے مقتول کے بیٹے کو ملازمت دینے کے علاوہ ان کی مالی امداد کا بھی وعدہ کیا۔دریں اثناء پنجاب ٹیچر ایسوسی ایشن اور پولیو ورکروں کے ہزاروں کارکنوں نے اس واقعہ کے خلاف ضلع کونسل چوک میں حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور 6گھنٹے تک دھرنا دیا۔دریں انثائتحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ہدایت پر اظہار یکجہتی کیلئے فیصل آباد پہنچے،جہاں انہوں نے دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور پاکستان کے تیسر ے بڑے شہر فیصل آباد میں بھی پولیو ورکر کا قتل اس بات کی غمازی کر رہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پولیو ورکروں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی میں فائرنگ کے باعث جاں بحق ہونے والے پولیو ورکر کے لئے10لاکھ روپے مالی ا مداد کا اعلان کیا-انہوں نے پولیوورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے -وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے باعث ایک پولیو ورکرکے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو موذی بیماری سے بچانے والوں پر فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعہ کے سدباب کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے باعث پولیو ورکر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔