کراچی‘منگھوپیرمیں کارساز بم دھماکے کامبینہ ماسٹرمائنڈ ہلا ک ،ساتھی فرار ، ہلاک ملزم کی شناخت فردوس خان عرف فردوس بابا کے نام سے ہوئی ہے جو تحریک طالبان محسود گروپ کا کمانڈر تھا‘پولیس ذرائع،پولیس اور رینجرز کی کارروائی،سیاسی جماعت اور کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور سمیت 14 ملزمان گرفتار

بدھ 10 دسمبر 2014 08:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2014ء)کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک دہشت گرد 2007 کے کارساز بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر سی آئی ڈی پولیس نے منگھو پیر کے علاقے میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزم نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی،، جوابی فائرنگ سے ملزم موقع پر ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت فردوس خان عرف فردوس بابا کے نام سے ہوئی ہے جو تحریک طالبان محسود گروپ کا کمانڈر تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مارے جانا والا ملزم 2007 کے کارساز بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ ادھرکراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرکے ایک سیاسی جماعت اور کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز نے کے مطابق کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن سے 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل ہیں اور ان کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا جن میں کلاشنکوف، نائن ایم ایم پستول، دستی بم، بلٹ پروف جیکٹس اور بھاری لاتعداد گولیاں بھی شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رنچھوڑ لائن میں کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی جس میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس نے دہشت گردوں کی اطلاع ملنے پر سرجانی ٹاوٴن کے علاقے خدا کی بستی میں کارروائی کرکے4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، خودکش جیکٹس اور 4 راکٹ لانچر برآمد کئے گئے جب کہ سعید آباد میں کی جانے والی کارروائی میں ایک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم واٹر بورڈ کا ملازم اور اس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے اور اس نے دوران تفتیش 20 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :