گیارہ ستمبر کے بعد سی آئی اے نے ’ بے رحمی‘ سے کام لیا،امریکی سینیٹ کی رپورٹ ،سی آئی اے کے تفتیشی طریقے امریکی اقدار کے خلاف تھے،صدر اوبامہ کا رپورٹ پر ردعمل

بدھ 10 دسمبر 2014 08:34

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2014ء) امریکی سینیٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے مشتبہ دہشتگردوں سے تفتیش کے دوران ’بیرحمی‘ یا وحشیانہ پن کا مظاہرہ کیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ایوان بالا کی انٹیلیجنس سے متعلق کمیٹی (سینیٹ انٹیلیجنس کمیٹی) نے اس رپورٹ میں کہا ہے کہ ادارے نے امریکی قوم کو ان ہتھکنڈوں کی ’افادیت‘ کے بارے میں درست معلومات نہیں فراہم کیں جو وہ 11 ستمبر کے بعد ’تفصیلی تفتیش‘ کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

رپورٹ کے خلاصے میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ دہشتگردوں سے تفتیش کے عمل میں بدانتظامی برتی گئی اور ان تفتیشی طریقوں سے حاصل کی جانے والی معلومات قابل بھروسہ بھی نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر براک اوباما نے رپورٹ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سی آئی اے کے تفتیشی طریقے امریکی اقدار کے خلاف تھے۔ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ان طریقوں نے دنیا میں امریکہ کے مقام کو خاصا نقصان پہنچایا اور امریکہ کے لیے اتحادی ممالک سے اپنے مفادات کے حصول کا عمل مشکل بنا دیا۔

‘واضح رہے کہ جب سنہ 2009 میں براک اوباما نے عہد ہ صدارت سنبھالا تھا تو انھوں نے سی آئی اے کے تفتیشی پروگرام کو روک دیا تھا۔سینٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کے رپورٹ چھ ہزار سے زیاد صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں بیشمار شواہد پیش کیے گئے ہیں تاہم فی الحال اس رپورٹ کا 289 صفحات پر مشتمل خلاصہ ہی منظر عام پر لایا جا رہا ہے۔واشنگٹن میں حکومتی حلقوں میں اس بات پر اختلافات کے باعث کہ کون سا حصہ شائع کیا جائے اور کون سا نہیں، اس رپورٹ کی اشاعت میں تاخیر ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے خلاصے کی اشاعت پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹ میں ری پبلکن جماعت کے رہنماوٴں نے اصرار کیا ہے کہ تفتیش کے ان طریقوں کے استعمال سے ہی اہم مجرم پکڑے گئے اور اسامہ بن لادن کی تلاش اور ہلاکت ممکن ہوئی۔خیال رہے کہ امریکہ کے ری پبلکن صدر جارج بش کے دورِ صدارت میں سی آئی اے کی القاعدہ کے خلاف کارروائی کے دوران 100 سے زیادہ مشتبہ دہشت گردوں کو امریکہ سے باہر ’بلیک سائٹس‘ یا خفیہ قیدخانوں میں رکھا گیا تھا۔ان افراد سے معلومات کے حصول کے لیے واٹر بورڈنگ، نیند سے محرومی، سخت موسم کا سامنا کروانے جیسے تشدد کے مختلف طریقے استعمال کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :