پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال،کینیا کی ٹیم وطن پہنچ گئی،ٹیم کی لاہو رآمد کے پیش نظر علامہ اقبال اےئر پورٹ اور اس کے گرد نواح میں سکیورٹی انتہائی سخت ،آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا اورہوم سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ ،کینیا کی نیشنل کرکٹ ٹیم کے دورے اور لاہور میں میچز کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ

بدھ 10 دسمبر 2014 08:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2014ء) کینیا کی قومی کر کٹ ٹیم کی لاہو رآمد کے پیش نظر علامہ اقبال اےئر پورٹ اور اس کے گرد نواح میں سکیورٹی انتہائی سخت ۔بتاگیا ہے کہ کینیا کی کرکٹ ٹیم قطر اےئر لائن کی پرواز 620براستہ دوحہ پہنچی تو پاکستان کر کٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت پو لیس کے اعلیٰ حکام ٹیم کے استقبال کیلئے اےئر پورٹ پہنچ گئے ۔

کینیا کی کرکٹ ٹیم کی لاہو آمد کے موقع پرلاہور علامہ اقبال اےئرپورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پرسکیورٹی کے انتہائی سخت انتظاما ت کئے گئے تھے۔پولیس کی بھاری نفری اےئر پورٹ کے اندر اور باہر تعینات کی گئی تھی ۔کینیا کی کر کٹ ٹیم کو سٹیٹ لاؤنج کے راستے جہاز سے بس میں سوار کیاگیا ۔کینیا کرکٹ ٹیم کو انتہائی سخت سکیورٹی کے حصارمیں اےئر پورٹ سے مقامی ہوٹل پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

کینیا کی کرکٹ ٹیم کو وزیر اعظم کے برابرسکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔جبکہ ہوٹل کے اندراورباہر خفیہ اداروں کے اہلکاروں سمیت پولیس کی بھاری نفری ہوٹل کے اطراف میں تعینات کردی گئی ۔کینیاکی کرکٹ ٹیم اور پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم کے درمیان 5ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے تمام میچز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ ہر میچ 45اورز پر مشتمل ہوگا ۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اے اور کینیا کے درمیان میچ13,15,16,18,20 دسمبر کو قذافی سٹیڈیم میں ہونگے ۔یادر ہے کہ 2009میں سری لنکن ٹیم پر لبرٹی چوک میں حملے کے بعد کسی بھی انٹر نیشنل کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا اورہوم سیکرٹری پنجاب، میجر (ر) اعظم سلیمان نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیاجہاں انہوں نے کینیا کی نیشنل کرکٹ ٹیم کے دورے اور لاہور میں ہونے والے میچز کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی سی پی او لاہور، امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈاکٹر حیدر اشرف، سی ٹی او لاہور، طیب حفیظ چیمہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن لاہور، محمد باقر رضاکے علاوہ ڈی جی سپورٹس، عثمان انور بھی موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ٹیم کے دورے کے دوران فول پروف سیکیورٹی کی حکمت عملی کے بارے میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے سی ٹی او لاہور کو دوران میچزعوامی سہولت کے پیش نظر شہر بھر میں ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

مشتاق احمد سکھیرا نے سی سی پی او کو قذافی سٹیڈیم کے گردو نواح میں پٹرولنگ بڑھانے کے ساتھ ساتھ مہمان اور میزبان ٹیموں کو ان کی آمد سے لے کر روانگی تک اور دوران میچز ان کی دیگر نقل وحمل کے دوران بھرپور سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔صوبائی پولیس سربراہ نے سی سی پی اولاہور کو سٹیڈیم کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس لگانے اور میٹیل ڈیٹیکٹر سے سرچ کو فول پروف بنانے کے لئے احکامات بھی جاری کیے۔