آئی ایس کی طر ف سے مبینہ ہم جنس پرست شخص کو سنگسار کر نے کی ویڈیو جاری

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:35

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء)عراق اور شام میں دولت اسلامیہ گروپ نے گزشتہ روز تصاویر جاری کی ہیں جن میں بظاہر جہادی ایک”ہم جنس پرست“ کو چھت سے نیچے پھینک رہے ہیں ہیں اورپھر اسے سنگسار کرکے موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے۔تصاویر کے ساتھ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ولایت فرات میں اسلامی عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک شخص ،جس نے ہم جنس پرستی کی تھی،اسے شہر میں بلند ترین مقام سے نیچے پھینکا جائے اور پھر اسے سنگسار کرکے موت کے گھاٹ اتارا جائے۔

ولایت فرات کا حوالہ شام اور عراق کی سرحد پر ایک پھیلی ہوئی پٹی سے متعلق دیا گیا ہے جہاں سے ابوکمال قائم سرحدی کراسنگ پر دریائے فرات شام سے عراق میں بہتا ہے۔ایک تصویر میں ایک شخص کو دکھایا گیا ہے کہ جس کے متعلق جہادیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ ہم جنس پرست ہے،اسے شام یا عراق میں ایک نامعلوم مقام پر ایک عمارت سے نیچے گرایا جارہا ہے،اگلی تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ شخص زمین پر پڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نومبر میں دولت اسلامیہ نے شام میں دو افراد کو سنگسار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا،جن کے متعلق ان کا دعویٰ تھا کہ یہ ہم جنس پرست ہیں۔گروپ موسم بہار2013ء میں شام کے تنازعہ میں نمودار ہوا،اس کے بعد سے اس نے شام اور عراق کے بڑے پیمانے پر علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے ،جہاں دہشتگردی کی حکومت نافذ کر رکھی ہے۔