گورنرخیبرپختونخوا کا باجوڑ ایجنسی کی مجموعی تعمیروترقی کیلئے 1 ارب روپے کااعلان،بدامنی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے،ردہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، پوری قوم پرلازم ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کاہرحال میں خاتمہ کریں،سردار مہتاب احمدخان

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء)گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے باجوڑ ایجنسی کی مجموعی تعمیروترقی کیلئے 1 ارب روپے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ بدامنی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اب یہ پوری قوم پرلازم ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کاہرحال میں خاتمہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان سے دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ اور مستقل امن کا قیام اور آئی ڈی پیز کی اپنے گھروں کو باعزت اور جلد واپسی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور بہت جلد آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی کا آغازکردیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء اور مستقبل کی حفاظت کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے دہشت گردی کاخاتمہ ہوکررہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی اور بحالی وزیراعظم اور موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنرنے پولیٹیکل انتظامیہ کوخبردارکرتے ہوئے کہاکہ وہ حکام نہیں بلکہ خادم بن کرعوام کی خدمت کریں اور انصاف کی فراہمی ہرممکن یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں امن ہوگا توپورے ملک میں امن ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے پشت میں ڈگری کالج کے قیام اور خار سے پشت تک سڑک کی تعمیرنو کااعلان بھی کیا۔

گورنرنے باجوڑ کی مجموعی تعمیروترقی کیلئے 1 ارب روپے اور مخصوص افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہاکہ خصوصی افراد کیلئے سپیشل نادرا کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے۔گورنرنے ایف سی پبلک سکول کو ڈگری کالج میں تبدیل کرنے کااعلان کیا جسے گورنرایف سی ڈگری کالج کا نام دیاجائیگا۔جبکہ تحصیل برنگ میں ہائر سیکنڈری سکول کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

گورنر نے ایجنسی میں ایمرجنسی رسپانس سروس سنٹرکاافتتاح بھی کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس سروس کو فعال انداز میں چلایاجائے۔ گورنرنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز، لیویز، ایف سی اور قبائلی عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیگیوہ بدھ کے روز باجوڑ ایجنسی کے صدرمقام خار میں ایجنسی کے گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان، سینیٹر ہدایت اللہ خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجدعلی خان، آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد طیب اعظم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان، پولیٹیکل ایجنٹ محمدیحیی خان دیگر اعلی سول وملٹری عہدیدار اور بڑی تعداد میں قبائلی زعماء موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے ایجنسی کے عوام کی جانب سے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے گورنر کا خیرمقدم کیا اور انہیں ایجنسی کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے گورنر کو روایتی قبائلی لنگی پہنائی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے باجوڑ کی مجموعی تعمیروترقی کیلئے 1 ارب روپے اور مخصوص افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہاکہ خصوصی افراد کیلئے سپیشل نادرا کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعمیروترقی کیلئے مختص رقم سے علاقے میں سڑکوں کی بہتری ، زراعت، تعلیم، جنگلات، سکول ، صاف پانی کی فراہمی اور ضروریات زندگی کے حوالے سے دیگرکثیرالمقاصد منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

انہوں نے پشت میں ڈگری کالج کے قیام اور خار سے پشت تک کے سڑک کی تعمیرنو کااعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ گرڈاسٹیشن کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈ مختص کردیے گئے ہیں اور ٹیسکو حکام کو اس منصوبے پرفوری کام کرنے کی ہدایت کی۔ تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ جن سکولوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے ان کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انہیں جدید ومکمل کمپلیکس میں تبدیل کیاجائیگا اور جن سکولوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے وہاں پر پولیٹیکل انتظامیہ کوایوننگ شفٹ شروع کرنے کی ہدایت بھی کی اور تحصیل برنگ میں ہائیرسیکنڈری سکول کے قیام کااعلان کیا ۔

گورنرنے باجوڑ لیویز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایت کی اور کہاکہ انہیں تمام فرائض کی انجام دہی کیلئے میسر تمام سہولیات مہیاکئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ایجنسی میں جلد پاسپورٹ آفس کام شروع کردیگا اور لائسنس کے اجراء کیلئے انتظامیہ کو موثراقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ گورنرنے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے فیصلہ کیاتھا کہ جب تک بدامنی کاخاتمہ نہیں ہوتا تعمیروترقی نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی اور بحالی وزیراعظم اور موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنرنے پولیٹیکل انتظامیہ کوخبردارکرتے ہوئے کہاکہ وہ حکام نہیں بلکہ خادم بن کرعوام کی خدمت کریں اور انہیں انصاف کی فراہمی ہرممکن یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست اورعوام کے رشتے کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں امن ہوگا توپورے ملک میں امن ہوگا۔

گورنرنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز، لیویز، ایف سی اور قبائلی عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔ انہوں نے قبائلی مشران وملکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہوگا اورپاک فوج اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس خطے سے دہشت گردی کا ہمیشہ کیلیے خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی اس ملک پرمشکل وقت پڑا محب وطن قبائل نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر اس ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہاکہ پورے فاٹا بشمول باجوڑ ایجنسی میں مجموعی تعمیروترقی کیلئے جلد نئے منصوبوں کا آغاز کیاجائیگا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قبائلی عوام کو تمام ترسہولیات ان کے دہلیز پرمہیاکئے جائیں۔ اپنے دورہ باجوڑ ایجنسی کے موقع پر گورنرنے باجوڑ ایف سی پبلک سکول کا دورہ کیااورسکول میں موجود طالب علموں سے گفتگو کی اور سکول کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پرگورنرنے سکول کو ڈگری کالج میں تبدیل کرنے کااعلان کیا جسے گورنرایف سی ڈگری کالج کا نام دیاجائیگا۔ دریں اثناء گورنرنے ایجنسی ہیڈکوارٹر میں دیودارکاپودا بھی لگایا۔ گورنرنے اپنے دورہ کے موقع پر ایجنسی میں ایمرجنسی رسپانس سنٹرکاافتتاح بھی کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس سروس کو فعال انداز میں چلایاجائے۔ بعدازاں باجوڑ ایجنسی سے مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد نے گورنرسے ملاقات کی اور انہیں ایجنسی کے عوام کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ایجنسی کا دورہ کرنے پرشکریہ اد اکیا۔

قبل ازیں ایجنسی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر گورنر کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ ایجنسی پہنچنے پر گورنرنے یادگارشہدا ء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔ اس موقع پر باجوڑ لیویز کی ایک چاک وچوبنددستے کی جانب سے گورنرکو گارڈآف آنربھی پیش کیاگیا ۔