موجودہ حکمران اقتدار کی جنگ میں آئی ڈی پیز کو بھول گئے،خورشید شاہ،اقتدار کی جنگ کو ختم نہ کیا گیا تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، پی ٹی آئی اور حکومت میں مذاکرات میں پہل کرنے والوں کے ساتھ پیپلز پارٹی کھڑی گی، پیپلز پارٹی سوشل سروسز ونگ کے زیر اہتمام آئی ڈی پیز کو بھجوائے گئے سامان کی تقریب سے خطاب

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور خیبر پختونخواہ کے حکمران آئی ڈی پیز کو بھول گئے ۔ اقتدار کی جنگ کو ختم نہ کیا گیا تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ پی ٹی آئی اور حکومت میں مذاکرات میں پہل کرنے والوں کے ساتھ پیپلز پارٹی کھڑی گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی سوشل سروسز ونگ کے زیر اہتمام آئی ڈی پیز کو بھجوائے گئے سامان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پیپلز سوشل سروسز ونگ زمرد خان،سوشل سروسز ونگ اسلام آباد کے ضلعی صدر عاطف کیانی، جنرل سیکرٹری عمران شبیر عباسی،سینئر نائب صدر اسد چوہدری، راجہ کامران، آصف خان جدون بھی موجود تھے۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے پیپلز پارٹی اپنے آئی ڈی پیز کو نہیں بھولی ان کی قربانیاں ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے لازوال ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی انسانیت کو نصب العین سمجھتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات بھی آئی ڈی پیز کی مشکلات کم کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ پیپلز پارٹی سوشل سروسز ونگ دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ آئی ڈی پیز کے لئے ایمبولینس سروس بھی شروع کر رہی ہے جس میں آنکھوں کا موبائل ہسپتال ہو گا جو لوگوں کی آنکھوں کا معائنہ اور مفت عینکیں فراہم کرے گا۔

اس سلسلہ میں 6سے 8ایمبولینسز آئندہ ہفتہ اپنا کام شروع کر دیں گی۔ایک سوال کے جواب میں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف عوام کی خاطر مذاکرات کی میز پر آئیں لڑنے سے نہ اقتدار ملے گا نہ بچے گا تاہم عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ مطالبے کرنا چھوڑ دیں وہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے خود کو پیش کریں۔ پیپلز پارٹی مذاکرات کے لئے پہل کرنے والے کا ساتھ دے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ فوج ضرب عضب کے نام پر پاکستان اور عوام کے لئے جنگ لڑ رہی ہے دہ سیاسی جماعتوں کی لڑائی سے ادارے کمزور ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں مشرقی پاکستان میں طاقت کے استعمال سے پاکستان کے دو لخت ہونے کے واقعہ کو نہیں بھولنا چاہئے۔ بلوچستان کی طرح سندھ میں قوم پرستوں کی ملنے والی مسخ شدہ لاشیں اچھا اقدام نہیں سندھ حکومت اس معاملے پر فوری توجہ دے اور قانون کے مطابق قاتلوں کو سزا دے۔