’ہیرو کتے‘ کو بچانے کے لیے رومانیہ میں قانونی ترمیم کا حکم جاری کردیا گیا ،یہ قانونی ترمیم آئندہ چند روز میں پارلیمانی قانون سازی کے بعد نافذالعمل ہو جائے گی،کتے کا نام ’میکس، اور اس کی عمر صرف پانچ سال ہے، لیکن وہ بیمار ہے،رومانیہ میں اس کتے کے لاوارث جانوروں کی کسی پناہ گاہ میں بھیجے جانے یا پھر یقینی طور پر موت کی نیند سلا دئیے جانے کے خطرے کی وجہ سے ہمدردی کی بنیادوں پر ایک آ ن لائن مہم کے دوران قریب 27 ہزار افراد نے ایک درخواست پر دستخط کرکے اس ’جنگی ہیرو‘ کو بچانے کا مطالبہ کیا

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:36

بخارسٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء)رومانیہ کی حکومت نے ایک ایسے کتے کی جان بچانے کے لیے ملکی قوانین میں ترمیم کا حکم جاری کر دیا ہے، جس نے افغانستان کی جنگ کے دوران فرائض انجام دیے اور بہت سے فوجیوں کی جانیں بچائیں۔رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس کتے کا نام ’میکس’ ہے اور اس کی عمر صرف پانچ سال ہے۔

لیکن وہ بیمار ہے اور اسے رومانیہ کی فوج میں خدمات انجام دینے والے تربیت یافتہ کتوں کے گروپ سے ’ریٹائرمنٹ‘ کے بعد فارغ کیا جا چکا ہے۔رومانیہ میں اس کتے کے لاوارث جانوروں کی کسی پناہ گاہ میں بھیجے جانے یا پھر یقینی طور پر موت کی نیند سلا دیے جانے کے خطرے کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل ہمدردی کی بنیادوں پر ایک آ ن لائن مہم شروع کر دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس مہم کے دوران قریب 27 ہزار افراد نے ایک درخواست پر دستخط کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس ’جنگی ہیرو‘ کو بچایا جائے۔اس مقصد کے تحت رومانیہ کے میڈیا میں خود کو ’میکس کے دوست‘ قرار دینے والے افراد کی جو مہم بہت جذباتی رنگ اختیار کر گئی، اس کا مرکزی نعرہ تھا: ’انہی لوگوں نے اسے مرنے کے لیے بھیج دیا جن کی اس نے جانیں بچائی تھیں۔

اس پر رومانیہ کے وزیر دفاع مِرچیا دْوسا نے اپنی وزارت کو متعلقہ قوانین میں فوری ترمیم کا حکم دے دیا تاکہ ریٹائرڈ فوجی کتوں کی دیکھ بھال کو حکومت کی ذمے داری بنایا جا سکے۔یہ قانونی ترمیم آئندہ چند روز میں پارلیمانی قانون سازی کے بعد نافذالعمل ہو جائے گی اور یوں وزارت دفاع اس مقصد کے لیے سالانہ بنیادوں پر سرکاری رقوم بھی مختص کر سکے گی۔

اس وقت رومانیہ میں میکس کے علاج پر ماہانہ قریب 150 یورو لاگت آ رہی ہے اور اسے جانوروں سے پیار کرنے والے ایک شہری نے اپنے گھر رکھا ہوا ہے، جہاں عام لوگوں کی عطیہ کردہ رقوم کے ساتھ اس کا علاج بھی جاری ہے۔واضح رہے کہ رومانیہ یورپی یونین کا رکن ایک ایسا ملک ہے جہاں کی حکومت ملکی فوج کے سابق ارکان کی پینشن اور طبی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں تو اپنے سر لیتی ہے لیکن قانونا’ریٹائرڈ فوجی کتوں‘ کی دیکھ بھال حکومت یا فوج کی ذمے داری نہیں ہے۔

السیشیئن نسل کے اس کتے کی فوج سے ریٹائرمنٹ اور پھر بیماری کے باعث یہ بات یقینی تھی کہ اس جانور کو موت کی نیند سلا دیا جائے گا۔ ’میکس‘ افغانستان میں دو مختلف جنگی مشنوں کے دوران خدمات انجام دے چکا ہے جس دوران اس نے اپنی سونگھنے کی حس استعمال کرتے ہوئے کئی مرتبہ خفیہ بموں کی تلاش میں کامیابی حاصل کی اور بہت سے مقامی اور غیر ملکی فوجیوں کی جانیں بچائیں۔