پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی،بھارتی سماجی کارکن کیلاس سیتار کونوبل انعام دیدیا گیا، اوسلو میں پر وقار تقریب، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، ملالہ کی دو سہلیوں کائنات اور شازیہ کیبھی شرکت ، تعلیم عام کرنے کا مشن جاری رہیگا، ملالہ کا خطاب ،کیلاش اور ملالہ نے اپنے ملکوں میں تعلیم کے لیے بہت کام کیا ہے لڑکیوں کی تعلیم کا فروغ ملالہ کا اہم مشن ہے،چیئرمین نوبل امن ایوارڈ کمیٹی

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:38

اوسلو( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء ) سوات سے تعلق رکھنے والی 17سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اور بچوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے بھارتی سماجی کارکن کیلاس سیتار کو مشترکہ طور پر نوبل امن ایوارڈ دے دیا گیا ، تعلیم کے دشمنوں کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم، ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ تعلیم کا فروغ اہم مشن ہے، اسلام امن اور سلامتی کا مذہب،خود کش حملوں کی اجازت نہیں دیتا، عالمی نوبل انعام کی تقریب اوسلو کے سٹی ہال میں ہوئی ، تقریب میں ملالہ یوسفزئی کے والدین سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، میاں افتخار حسین اور ان کی دو سہلیوں کائنات اور شازیہ نے بھی شرکت کی ، سٹی ہال پہنچنے پر ملالہ یوسفزئی کاشاندار استقبال کیا گیا ۔

چیئرمین نوبل امن ایوارڈ کمیٹی نے تقریب میں ملالہ یوسفزئی اورکیلاش کے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ کیلاش اور ملالہ نے اپنے ملکوں میں تعلیم کے لیے بہت کام کیا ہے لڑکیوں کی تعلیم کا فروغ ملالہ کا اہم مشن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی مذہب میں تشدد کی گنجائش نہیں ہے اسلام خود کش حملوں کی اجازت نہیں دیتا ۔

ملالہ اور کیلاش امن کے چیمپئن ہیں ملالہ تعلیم کے دشمنوں کیخلاف ڈٹ گئیں ملالہ نے اپنے قلم سے طالبان کے ظلم سے دنیا بھر کو آگاہ کیا ۔ تعلیم کے فروغ کی پاداش میں ملالہ پر قاتلانہ حملہ ہوا ملالہ نوبل انعام حاصل کرنے والی کم عمر ترین لڑکی ہیں تقریب کے دوران ملالہ یوسفزئی اور کیلاش سیتارتھی کو نوبل انعام دیا گیا اس موقع پر سٹی ہال تالیوں سے گونج اٹھا ۔

تقریب میں پاکستان کی طرف سے راحت فتح علی خان نے بھی پرفارمنس دی جبکہ بھارت کی طرف سے امجد علی خان نے اپنے بچوں کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ کیلاش سیتارتھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا ایوارڈ بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والوں کے نام کرتا ہوں امن کا انعام ملنے پر بہت خوشی محسوس کررہا ہو ں تعلیم اور ترقی کے راستے میں سب کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا ترقی کے سفر میں دنیا کے کسی حصے سے بھی کوئی پیچھے نہ رہ جائے بھارت سے ناروے تک سفر کا امن کا سفر ہے جن لوگوں کو چائلڈ لیبر سے چھٹکارہ دلایا ان کے چہرے کھل اٹھے تمام مذاہب بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا حکم دیتے ہیں خوف اور عدم برداشت سب سے بڑا خطرہ ہیں اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ دہشتگردوں کے سامنے خاموش رہنے کی بجائے جواب دیا میں نے طالبان کیخلاف بات کی آج طالبان کی گولی ہار گئی میری آواز جیت گئی جو قدم میں نے اور کیلاش نے اٹھایا ہے اس سے تبدیلی آئے گی ۔

ملالہ نے کہا کہ اللہ قرآن میں فرماتے ہیں کہ اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے اسلام امن کا درس دیتا ہے اگر میرے والد مجھے پرواز کی اجازت نہ دیتے تو میں اپنے پر کھول نہ سکتی اپنے والدین اور اساتذہ کی شکر گزار ہوں آج میرے لئے بہت خوشی کا دن ہے پاکستان اور بھارت کو بچوں کی تعلیم کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کے بچے اچھے سکولوں میں پڑھتے ہیں عالمی دنیا تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دے ہم عصر جدید میں رہ رہے ہیں کچھ ناممکن نہیں ہے عالمی برادری تعلیم پر خصوصی توجہ دیں ایسا کیوں ہے کہ ٹینک لینا آسان اور سکول بنانا مشکل ہے ملالہ فنڈز سے سوات اور شانگلہ میں سکول بنائینگے وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری تعلیم عام کرنے کیلئے یکجا ہوجائے ہر بچے کے سکول جانے تک جدوجہد جاری رکھوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انتظار کی بجائے فروغ تعلیم کے بارے میں کام کرنا ہوگا مجھے فخر ہے کہ کیلاش کے ساتھ ایوارڈ حاصل کیا بھارت اور پاکستان مل کر بچوں کی تعلیم کے لیے کام کریں ۔