فرانس، شدت پسندی کے شبہ میں کئی مسلمان گرفتار

بدھ 17 دسمبر 2014 08:32

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء) فرانس میں پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر شدت پسندی میں ملوث ہونے کے شبہ میں لگ بھگ ایک درجن مسلمان نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملک کے مختلف علاقوں میں ایک ہی وقت چھاپے مارے جن میں 10 سے زائد افراد کو حراست میں لئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے تاحال ان گرفتاریوں سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ چھاپے اور گرفتاریاں فرانس میں شدت پسندی کے خلاف گزشتہ کئی مہینوں سے جاری پولیس تحقیقات کا نتیجہ ہیں۔

گرفتار ہونے والوں میں بعض ایسے افراد بھی شامل ہیں جو مشرقِ وسطیٰ جا کر وہاں جاری مسلح شدت پسندی کا حصہ بننے کی تیاری کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کئے جانے والوں کی عمریں 19 سے 34 سال کے درمیان ہیں اور ان میں جہاد کے لئے مشرقِ وسطیٰ جانے کا ارادہ کرنے والوں کے ساتھ ساتھ بعض ایسے افراد بھی شامل ہیں جو شام سے واپس لوٹے ہیں۔

حکام کو شبہ ہے کہ شام سے لوٹنے والے یہ افراد وہاں دولتِ اسلامیہ یا اسی قبیل کی کسی دوسری شدت پسند تنظیم سے منسلک رہ چکے ہیں۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند کارروائیوں میں شرکت کے لیے عراق اور شام کا رخ کرنے والے فرانسیسی شہریوں کی تعداد میں رواں سال جنوری سے 80 فی صد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ فرانس کے سکیورٹی اداروں کا خیال ہے کہ 1100 سے زائد فرانسیسی شہری دنیا بھر میں سرگرم مختلف جہادی گروہوں اور شدت پسند تنظیموں کے ساتھ منسلک یا مسلسل رابطے میں ہیں۔