پشاور، انجینئر امیر مقام کی گاڑی پر بم دھماکہ ،معجزانہ طور پر محفوظ رہے،دو سیکیورٹی گارڈاور ڈرایئور زخمی

بدھ 17 دسمبر 2014 08:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء)انجینئر امیر مقام کی گاڑی پر رنگ روڈ پر دھماکہ،دو سیکیورٹی گارڈاور ڈرایئور زخمی ، زخمی ہونے والوں میں ڈرایئور حاضر محمد ، سیکیورٹی گارڈ حبیب اللہ اور سیکیورٹی گارڈ گوہر سواتی شامل ہیں ، انجینئر امیر مقام کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ،تاہم وہ خود معجزانہ طور پر محفوظ رہے ، تفصیلات کے مطابق انجینئر امیر مقام لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں آرمی پبلک سکول میں ہونے والی دہشت گردی کی کاروائی میں زخمی ہونے والے طلبا کی عیادت کے بعد روانہ ہوئے تو ان کی گاڑی کو رنگ روڈ پر دہشت گردوں نے بم سے اڑانے کیلئے دھماکہ کیا جس سے ان کی گاڑی کو شیدید نقصان پہنچا تاہم وہ اس دھماکے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے ،دھماکے میں ان کے سیکیورٹی گارڈ حبیب اللہ ، گوہر سواتی اور ان کا ڈرائیور حاضر محمد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، انجینئر امیر مقام نے دھماکے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور موت کا ایک دن مقرر ہے اس سے پہلے کوئی نہیں مار سکتا ، انہوں نے کہا کہ آگ مجھے اپنی جان پر ہونے والے دھماکے کا اتنا افسوس نہیں جس قدر مجھے پشاور کے مقامی سکول میں معصوم طلبا کی شہادت پر افسوس ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وہ روز اول سے کوشاں ہیں اور ان پر ہونے والے دھماکوں سے ان کے حوصلے پست نہیں کیئے جاسکتے ، دہشت گردی کے خلاف ان کی جنگ جاری رہے گی ،