لاہور ہائیکورٹ کا سیکرٹری الیکشن کمیشن کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست میں نوٹس جاری ،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبر الیکشن کمیشن ریاض کیانی سے دس روز میں جواب طلب

بدھ 17 دسمبر 2014 08:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست میں نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبر الیکشن کمیشن ریاض کیانی سے دس روز میں جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس محمود مقبول باجوہ نے پی پی اٹھہتر کے ووٹر طارق اسلم کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والی راشدہ یعقوب نے انتخابی مہم کے دوران پینتالیس لاکھ روپے خرچ کئے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قوانین کے مطابق انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی مہم کے دوران دس لاکھ روپے خرچ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو لیگی ایم پی اے راشدہ یعقوب کی انتخابی مہم پر قانون سے تجاوز کر کے خرچ کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا لہٰذا انتخابی مہم پر زائد خرچہ کرنے کی درخواست پر ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق عمل نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور لیگی ایم پی اے کے ضمنی انتخابات میں قانون سے تجاوز کر کے خرچہ کرنے کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبر الیکشن کمیشن ریاض کیانی سے دس روز میں جواب طلب کر لیا۔