ملک اور خصوصاً فاٹا اور بلوچستان دہشتگردی کے شکار ہیں ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،جن میں داخلی اور خارجی عوامل کارفرما ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 17 دسمبر 2014 08:22

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ملک اور خصوصاً فاٹا اور بلوچستان دہشتگردی کے شکار ہیں جن میں داخلی اور خارجی عوامل کارفرما ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کی پاک آرمی میں بھرتی کے لیے قواعد میں نرمی پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کے مشکور ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ میں بلوچ ریجمنٹ کے 580 جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جوانوں کو کامیاب ٹریننگ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی دن ہے امید ہے کہ نئے ریکروٹس بلوچستان کی عالی شان روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ملک اور بلوچستان کو درپیش داخلی اور خارجی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنے آپ کو تیار سمجھیں گے اور ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے جہاں بھی ان کی ضرورت ہوگی وہ اپنا فرض ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے سول اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ، وزیر اعلیٰ نے موسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے بلوچ ریجمنٹ کے ریکروٹ محمدیعقوب کو نمایاں کارکردگی کی بناء پر چیف منسٹر بلوچستان ایوارڈ دیا۔