اسرائیلی وزیراعظم ”حماس“ کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے نکالنے پر یورپی یونین پر برس پڑے ،یورپی یونین نے ثابت کردیا ہولوکاسٹ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا گیا،بیان

جمعہ 19 دسمبر 2014 06:26

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2014ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجیمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے فلسطین کی تنظیم حماس کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے نکال کر ثابت کر دیا ہے کہ اس نے ہولوکاسٹ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم ہاوٴس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یورپین یونین کی عدالت نے حماس کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے نکال کر اپنی سرزمین پر ہونے والے 60 لاکھ یہودیوں کے قتل عام سے کوئی سبق نہیں سیکھا تاہم اسرائیل اپنے شہریوں اورریاست کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے سے متعلق یورپی یونین کی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی جانے والی متفقہ قرار داد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صہیونیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کی بھی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز یورپی یونین نے نہ صرف فلسطین کو الگ ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی بلکہ یورپی یونین کی اعلیٰ عدالت نے فلسطین کی حریت پسند تنظیم حماس کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے بھی خارج کر دیا جس کی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :