وزیراعظم اور عمران خان کے مابین جلد ایک اور ملاقات کا امکان،احسن اقبال کا شاہ محمود سے ٹیلی فونک رابطہ، جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت دیگر امو رپر بات چیت

جمعہ 19 دسمبر 2014 06:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2014ء ) وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مابین ملاقات کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے مرکزی قائدین نے دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی ملاقات کیلئے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر عمران خان اور نواز شریف کے مابین ملاقات پر بھی بات چیت کی گئی ہے ۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال بالخصوص پشاور سانحہ کے بعد ملک کے سیاسی معاملات میں مزید بہتری لانے کیلئے نواز شریف اور عمران خان کی ملاقات وقت کا تقاضا ہے ۔ ملاقات کے بعد ایک مثبت پیغام دنیا بھر میں جائے گا اور طالبان کیخلاف لڑنے والی ہماری فورسز میں ایک نیا جذبہ پیدا کرنے میں مدد دیگی ۔ ذرائع نے انکشاف ہے کہ یہ ملاقات اگلے چند روز میں ہونے کے امکان ہے جو کہ دونوں طرف سے ملاقات کرنے کا مثبت عندیہ دیا ہے ۔