بجلی کے واجبات کی وصولی کا عمل تیز کیا جائے،اسحاق ڈار ،کم از کم وقت میں تمام بقایا جات کی وصولی کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کریں، وزیرخزانہ کی اعلی سطحی اجلاس میں چےئرمین نیب و سیکرٹری پانی وبجلی کو ہدایت

جمعہ 19 دسمبر 2014 06:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے چےئرمین نیب کو بجلی کے واجبات کی وصولی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور چےئرمین نیب و سیکرٹری پانی وبجلی سے کہا گیا ہے کہ وہ کم از کم وقت میں تمام بقایا جات کی وصولی کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کریں۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر بجلی کے بلوں کی وصولی کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا،جس میں نیب سے کہا گیا کہ وہ ریکوری کا عمل تیزکرے۔

اجلاس میں قومی احتساب بیورو کے چےئرمین چوہدری قمرزمان ،سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود،سیکرٹری پانی وبجلی یونس ڈھاگہ،خزانہ ڈویژن کے ایڈوائزر رانا اسد امین اور دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں اربوں روپے واجب الوصول ہیں جن کی ادائیگی نہ ہونے سے قومی معیشت پر سخت دباؤ ہے،سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین بھی نادہندگان میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ اس صورتحال کو مزید جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔وزیرخزانہ نے چےئرمین نیب اور سیکرٹری پانی وبجلی کو ہدایت کی کہ وہ کم از کم وقت میں تمام واجبات کی وصولی کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کریں۔ضلعی کمپنیاں(ڈسکوز)وزارت پانی وبجلی کے ذریعے تمام تفصیلات نیب کو فراہم کریں گی۔وزیرخزانہ نے کہا کہ نجی کمپنیوں کے ذریعے بلوں کی وصولی کے بجائے یہ بہتر ہوگا کہ نیب جیسے اعلیٰ ادارے کی خدمات کو بہتر انداز میں استعمال کیا جائے۔یہ ادارہ پہلے بھی اس قسم کی وصولی کرچکا ہے

متعلقہ عنوان :