راجیہ سبھا میں اکثریت نہ ہونے کے باعث رام مندر کا بل پاس نہیں کراسکتے ، بی جے پی

پیر 11 مئی 2015 07:01

ایودھیہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء) بھارت کی انتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ راجیہ سبھا(ایوان بالا) میں رام مندر کی تعمیر کا قانون پاس کرانے کے لئے اس وقت ان کے پاس اکثریت نہیں۔

(جاری ہے)

ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کے پروگرام میں شریک بھارت کے مرکزی وزیرداخلہ اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے پاس راجیہ سبھا میں اکثریت نہیں جس کے باعث وہ کوئی ایسا قانون پاس نہیں کراسکتے جس کے باعث ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر شروع کی جاسکے کیوں کہ اس وقت راجیہ سبھا کے 243 اراکین میں بی جے پی کے صرف 45 ارکان ہیں۔

راج ناتھ سے جب سوال کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں جب بی جے پی کو راجیہ سبھا میں بھی اکثریت حاصل ہوجائے گی تو اس وقت رام مندر کی تعمیرکا قانون پاس ہوجائے گا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خیالی سوال ہے جس پر کچھ کہا نہیں جاسکتا۔واضح رہے کہ بی جے پی نے انتخابات سے قبل وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آکر وہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرائے گی۔