گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے حلف اٹھا لیا ، اپنی قیادت کے شانہ بشانہ صوبے بالخصوص جنوبی پنجاب میں لوگوں کی بھر پور خدمت کروں گا، رفیق رجوانہ، پارٹی ورکر ہماری جان ہیں ان کے بھروسے اور اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں لگنے دوں گا،گورنر پنجاب کی حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 11 مئی 2015 06:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء) پنجاب کے نئے گورنر ملک رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا‘ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے نئے گورنر سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صوبائی کابینہ اراکین پنجاب اسمبلی اور سول و فوجی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اپنی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا ہوکر صوبے کے عوام بالخصوص جنوبی پنجاب میں درپیش لوگوں کے عوام کی بھر پور خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکر ہماری جان ہیں ان کے بھروسے اور اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں لگنے دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،سینئر مسلم لیگی رہنما راجہ ضفر الحق ، سپیکر صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال،مسلم لیگ (نون) کے جنرل سیکرٹری اقبال ظفر جھگڑا،سینٹرز، وفاقی و صوبائی وزراء، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سول و فوجی افسران کے علاوہ عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر فاٹا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان ا سمبلی نے بھی گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری میں نمائندگی کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ (نون) کے ایک ورکر کو پنجاب کا گورنر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی قیادت اور پنجاب کے عوام کا بھی شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے بطور گورنر میری تقرری کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کا عہدہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جسے انشاء اللہ ایمانداری، تندہی اور خوش اسلوبی سے نبھانے کی پوری کوشش کروں گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس خوشحال فلاحی اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے وہ بہت جلد حقیقت بن کر پوری دنیا پر واضح ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی،استحکام، خوشحالی اور مضبوطی کے لئے ہر ممکن اقدامت کو یقینی بنایا جائے گا۔

گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جنوبی پنجاب کے عوام سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور اس کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت سارے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور حال ہی میں وزیر اعظم نے بہاولپور میں قائد اعظم سولر پاور کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلا شبہ ہمارے ملک کو بے شمار مسائل درپیش ہیں ہم ان اہم ایشوز کا باہمی اتحاد و جدوجہد کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غربت،بے روزگاری کا خاتمہ، تعلیم کا نچلی سطح تک فروغ، صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات، لوڈ شیڈنگ میں خاظر خواہ کمی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ موجودہ حکومت ان تمام مسائل کوانشاء اللہ بہت جلد حل کرلے گی۔

متعلقہ عنوان :