ملائشین فورسز سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد میں شامل ،یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لیں گی

پیر 11 مئی 2015 07:01

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء)ملائشیا کی مسلح افواج کے دستے اتوار کو سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر پہنچ گئے ہیں۔وہ یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں فورسز کی جنگی مہم میں حصہ لیں گے۔ملائشیا سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد میں شامل ہونے والا بارھواں ملک ہے۔اس سے پہلے افریقی مسلم ملک سینی گال نے اتحاد میں شمولیت کے لیے اپنے اکیس سو فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحاد کا آپریشنز سنٹر ملائشین اور سینی گال کی فورسز کو مدغم کرنے کی تیاری کررہا ہے۔قبل ازیں سعودی عرب کی قیادت میں دس اتحادی ممالک کے لڑاکا طیارے یمن میں حوثی باغیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں کے ٹھکانوں پر 26 مارچ سے حملے کررہے ہیں۔حوثیوں نے گذشتہ سال ستمبر سے یمنی دارالحکومت صنعا پر قبضہ کررکھا ہے جس کے بعد انھوں نے جنوبی شہر عدن کی جانب چڑھائی کردی تھی۔ان کے جارحانہ عزائم کو روک لگانے کے لیے یمن کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صدر عبد ربہ منصور ہادی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عرب لیگ کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان سے حوثیوں کی جارحیت کے خلاف فوجی مداخلت کی اپیل کی تھی

متعلقہ عنوان :