دینی مدارس کی کردار کشی کرنیوالے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں ،شاہ محمود قریشی،دینی مدارس علم کی شمعیں روشن کر رہے ہیں ان کی کردار کشی کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ،حنیف جالندھری سے گفتگو

پیر 11 مئی 2015 06:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء)دینی مدارس کی کردار کشی کرنے والے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں ،دینی مدارس علم کی شمعیں روشن کر رہے ہیں ان کی کردار کشی کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ،جامعہ خیر المدارس کی اٹھاسی سال دینی اور تعلیمی خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل اور جنوبی پنجاب کے لیے باعث افتخار ہیں ،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو ملنے والا عالمی ایوارڈ پوری قوم کا اعزاز ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے جامعہ خیر المدارس کے دورہ کے موقع پر جامعہ خیر المدارس کے مہتمم اور وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی میڈیا سنٹر سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء نے مولانا محمد حنیف جالندھری کو ان کے صاحبزادے مولانا محمد احمد حنیف کی دستار بندی اور سند فراغت کے حصول پر مبارکباد پیش کی اور جامعہ خیر المدارس کی اٹھاسی سال خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ خیر المدارس کی نو عشروں پر محیط تعلیمی ،دینی اور ملی خدمات جنوبی پنجاب کے پورے خطے کے لیے باعث افتخار ہیں۔

انہوں نے مولانا محمد حنیف جالندھری کی شبانہ روز کاوشوں کو بھی سراہا اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو ملنے والے عالمی ایوارڈ اور اعزازات کو پوری قوم کا اعزاز قرار دیا ۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا دینی مدارس علم کی شمعیں روشن کر رہے ہیں ان کی کرداد کشی کرنے والے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور دین اسلام ،مدارس دینیہ کی کردار کشی اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

اس موقع پر وفاق المدار س کے جنرل سیکرٹری اور جامعہ خیر المدارس کے مہتمم مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ مدارس دینیہ کی کردار کشی کرنے والے دراصل دین اسلام کو ہدف تنقید بناتے ہیں ان کو لگام دینے کے لیے قانون سازی ہونی چاہیے اور شعائر اسلام کی گستاخی اور دینی مدارس کی کردار کشی کرنے والوں کو عبرتناک سز املنی چاہیے۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے شاہ محمود قریشی سے اس سلسلے میں کردار ادا کرنے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے سلسلے میں تعاون کی اپیل کی۔

متعلقہ عنوان :