پاکستان امارات میں انڈیا کی میزبانی کرے گا ،چیئر مین پی سی بی شہر یار خان ،متحدہ عرب امارات میں پاکستان انڈیا سیریز بحال ہو گی، دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی ازسرنو بحالی کا آغاز ہو گا ،سیریز شیڈول کے مطابق دسمبر میں کھیلی جائے گی جس میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے ، میڈیا سے گفتگو،پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان 2014 میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے،دونوں ممالک کے درمیان آٹھ سال کے دوران پانچ سیریز کھیلی جائیں گی،دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلئے پرعزم ہوں ، جگموہن ڈالمیا نے معاملات حکومت کی اجازت سے مشروط کر دیئے

پیر 11 مئی 2015 06:54

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے کہا ہے کہ رواں سال دسمبر میں پاکستان متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں ہندوستان کی میزبانی کرے گا۔پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان 2014 میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان آٹھ سال کے دوران پانچ سیریز کھیلی جائیں گی۔

معاہدے کے تحت دسمبر میں ہونے والی سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شہریار خان نے اتوار کو کولکتہ میں ہندوستانی بورڈ کے سربراہ جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کی اور انہیں کرکٹ بورڈ کی سربراہی ملنے پر کو مبارکباد دی۔دونوں سربراہوں کے درمیان آدھے گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہنے والی ملاقات میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان انڈیا سیریز بحال ہو گی، یہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی ازسرنو بحالی کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیریز شیڈول کے مطابق دسمبر میں کھیلی جائے گی جس میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان انڈیا سیریز دنیائے کرکٹ کی کسی بھی سیریز سے زیادہ اہم ہے، حتیٰ کہ یہ ایشز سے بھی زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان انڈیا کی سیریز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور پاکستان کو سیریز کے انعقاد کی پیشکش کی۔اس موقع پر شہریار نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات میں بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر جگموہن ڈالمیا کو خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے ڈالمیا کے ساتھ تعلقات بہت پرانے ہیں، میں یہاں میزبانی کرنے پر ڈالمیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس موقع پر جگموہن ڈالمیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلئے پرعزم ہوں لیکن انہوں نے اس حوالے سے تمام معاملات حکومت کی اجازت سے مشروط کر دیے۔انہوں نے کہا کہ ہم سیریز کی بحالی کیلئے بہت پرامید ہیں، کچھ چیزیں حل ہونا باقی ہیں اور یقینا ہم حکومت اور وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر کوئی حتمی قدم نہیں اٹھا سکتے۔

متعلقہ عنوان :