اسلام آباد میں بلدیا تی الیکشن،حکمران جماعت میں دراڑیں پڑنے کا امکان ، وزیر اعظم کا رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر کے اعتماد میں لینے کا فیصلہ

پیر 11 مئی 2015 06:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء)اسلام آباد میں بلدیا تی الیکشن کی آمد آمد ،حکمران جماعت کے ورکرز اور رہنماؤں میں دراڑیں پڑنے کے قوی امکانات پیدا ہو گئے ۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، سید ظفر علی شاہ ، انجم عقیل خان اور اشرف گوجر کے درمیان اسلام آباد کے میئر کے لیے پیچا پڑنے کے خوف سے وزیر اعظم نے تمام رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کر کے اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

معلومات کے مطابق حکمران جماعت بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ پریشان اسلام آباد کے لیے ہے کیونکہ وہ ایک بار قبل یہاں سے اپنا بھاری نقصان کر چکی ہے ۔وزیر اعظم کو بتا دیا گیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں اسلام آباد کی میئر شپ اس صورت بچائی جا سکتی ہے کہ وہ اپنے سینیر رہنماؤں کو ایک صف کھڑا کرنے کی حکمت عملی اپنائیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ایم ہاؤس نے یہ خصوصی ٹاسک سینیٹر راجہ ظفر الحق کو سونپنے کا عندیہ دیا مگر وہ انکاری ہو گئے کیونکہ گزشتہ الیکشن میں انجم عقیل کی جانب سے اشرف گوجر کی مخالفت منہ بولتا ثبوت تھی ۔

معلومات کے مطابق موجودہ الیکشن میں بھی ایک با رپھر چاروں رہنما کے آمنے سامنے کے قوی امکانات ہیں کیونکہ موجودہ ایم این اے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی اسلام آباد کے میئر کا خواہشمند ہے ۔سید ظفر علی شاہ اور انجم عقیل خان بھی نجی تقریب میں ذکر کر چکے ہیں کہ انہیں قیادت نے عندیہ دے رکھا ہے دوسری جانب لیگی ورکرز نے بھی ایکا کرتے ہوئے اپنی قیادت کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے کی ٹھان لی ہے جسکی جراء ت انہوں نے ایم این اے حمزہ شہباز کے سامنے انجم عقیل کی رہائشگاہ پر کر بھی دی تھی اور حمزہ شہباز کو چھپ کر انجم عقیل کے گھر سے گاڑی تک آنا پڑا تھا۔