شعبان کا چاند نظر آگیا،بدھ 20مئی کو یکم شعبان اور شبِ براء ت 02جون کوہوگی،شعبان المعظم30دن ،پہلاروزہ 19جون کوہوگا

بدھ 20 مئی 2015 06:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتیٴ اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ شعبان المعظم 1436ئھ کا چاند نظرآگیا ، کل یکم شعبان ہے اور شبِ براء ت منگل02جون کو ہوگی۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں زونل کمیٹی سے قاری نذیر احمدنعیمی، مولانا صابر نورانی، مولانا اسددیوبندی ، حافظ محمد سلفی ،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لئے ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہٴ موسمیات امیرحیدرلغاری اور سپارکوسے غلام مصطفی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔

لاہور ،کراچی ،اسلام آباد،فیصل آباد، بہالپور،بہاولنگر ،عمرکوٹ اور ملک کے دیگر شہروں سے کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہوئی ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم شعبان1436ئھ بدھ 20مئی کو ہوگی اور شبِ براء ت منگل 02جون(منگل اوربدھ کی درمیانی شب) کو ہوگی ۔ شعبان المعظم30دن ،پہلاروزہ 19جون کوہوگا،رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کردی ،رویت ہلال ریسرچ کونسل نے ایک بیان میں کہاہے کہ شعبان المعظم اس سال 30دن کاہوگااوریکم رمضان المبارک 19جون بروزجمعہ کوہوگی جبکہ عیدالفطر18یا19جولائی کوہونے کاامکان ہے