الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی معاملات میں خورد برد کے کیس کی سماعت 27مئی تک ملتوی کردی

بدھ 20 مئی 2015 06:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی معاملات میں خورد برد کے کیس کی سماعت 27مئی تک ملتوی کردی ہے ۔ تحریک انصاف کے وکلاء نے الیکشن کمیشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کا مجاز نہیں ہے منگل کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں فل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

تحریک انصاف کی جانب سے انور منصور بطور وکیل پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے بانی رکن اور مدعی اکبر ایس بابر بھی پیش ہوئے ۔ پی ٹی آئی کے وکلاء نے الیکشن کمیشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ پولیٹیکل پارٹی ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن سیاسی جماعت کے معاملات ہی سماعت نہیں کرسکتا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت ستائیس مئی تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی وکلاء کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کی درخواست بدنیتی پر مبنی ہے پارٹی فنڈز میں کوئی خوردبرد نہیں کی گئی کوئی قانونی طریقہ کار موجود نہیں ہے کہ الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت کرے مدعی پارٹی سے ناراض ہے اس لئے الیکشن کمیشن نے درخواست دے رکھی ہے اکاؤنٹ فائل ہوچکے ہیں دوبارہ نہیں کھل سکتے ۔ تحریک انصاف کے وکیل نے اپنی جرح مکمل کرلی جبکہ اکبر ایس بابر کے وکلاء نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تمام خورد برد کے ثبوت پیش کردیئے ہیں تحریک انصاف پہلو تہی سے کام لے رہی ہے ۔