کوئی جرم نہیں کیا، اپنی بے گناہی ثابت کروں گی: سابق تھائی وزیراعظم

بدھ 20 مئی 2015 06:16

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء)تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم ینگ لک شیناوترا فرائض سے مجرمانہ غفلت برتنے کے مقدمے میں ملک کی اعلیٰ عدالت میں پیش ہو گئیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت پہنچنے کے موقع پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ پْراعتماد ہیں اور وہ اپنی بے گناہی ثابت کریں گی۔ میں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔ واضع رہے کہ وزارتِ عظمیٰ سے علیحدگی کے باوجود ینگ لک ملک کی عوام میں بہت مقبول ہیں لیکن ملک کا امیر اور متوسط طبقہ انھیں پسند نہیں کرتا اور ان پر بدعنوانی اور طاقت کے ناجائز استعمال کے الزامات لگاتا ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال جنوری میں تھائی لینڈ کی اعلیٰ ترین عدالت نے ملک کی سابق وزیرِاعظم ینگ لک شیناوترا پر چاولوں کی زیادہ قیمت پر خریداری کے معاملے میں فوجداری مقدمہ چلانے کی منظوری دی تھی۔ ینگ لک شیناوترا کو مئی 2014ء میں ملک میں فوجی بغاوت سے قبل عدالتی فیصلے کے نتیجے میں وزارتِ عظمیٰ چھوڑنی پڑی تھی۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان پر عائد کئے جانے والے الزامات ان کا سیاسی کیریئر ختم کرنے کی سازش کا حصہ ہیں۔ ینگ لک کی جماعت تھائی لینڈ کی مقبول ترین سیاسی جماعت رہی ہے۔ 2001ء سے اب تک ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوتی رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :