ملک کی مختلف جیلوں میں مزید 10 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا،پھانسی کے موقع پر جیلوں کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

بدھ 27 مئی 2015 06:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) ملک کی مختلف جیلوں میں قتل کے مزید10مجرموں کو پھانسی دے دی گئی جب کہ اس موقع پر جیلوں کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 2، فیصل آباد میں 2، ملتان 1، ساہیوال 1، گوجرانوالہ 1، ٹوبہ ٹیک سنگھ 1، مچھ 1 اور سرگودھا میں بھی ایک مجرم کو پھانسی دی گئی۔ پھانسی پانے والوں میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کا نور احمد بھی شامل تھا جس نے اپنے والد، بھائی اور بھتیجوں سمیت 6 افراد کو جائیداد کے تنازع پر قتل کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

سینٹرل جیل فیصل آباد میں قتل کے 2 مجرموں آصف اور افتخار کو پھانسی دے دی گی جب کہ کوٹ لکھ پت جیل لاہور میں بھی قتل کے 2 مجرموں شکیل اور شیر علی کو تختہ دار پر لٹکا دیا، مجرم شکیل نے 1997 میں جب کہ مجرم مشیر علی نے 2001 میں فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا تھا۔ڈسٹرکٹ جیل ساہیوال میں قتل کے مجرم اسحاق جب کہ سرگودھا ڈسٹرکٹ جیل میں بھی تہرے قتل کے مجرم امجد علی کو پھانسی دے دی گی، امجد علی نے 2005 میں 3 کمسن بچوں کو قتل کیا تھا۔ سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں بھی قتل کے مجرم محمدنوازکو تختہ دارپرلٹکادیاگیا۔ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ اور مچھ میں میں بھی قتل کے 2 مجروموں کو پھانسی دے دی گئی۔