ڈسکہ واقعہ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے، وکیلوں کا پولیس اور ٹی ایم اے سے کئی دن سے جھگڑا چل رہا تھا، آخری جھگڑا گزشتہ روز برتھ سرٹیفکیٹ کے اندراج پر ہوا

بدھ 27 مئی 2015 06:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) ڈسکہ واقعہ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ وکیلوں کا پولیس اور ٹی ایم اے سے کئی دن سے جھگڑا چل رہا تھا، آخری جھگڑا گزشتہ روز برتھ سرٹیفکیٹ کے اندراج پر ہوا، سب سے پہلے وکلاء کی جانب سے ملزم کی گرفتاری پر مزاحمت کی گئی، منگل کو حساس اداروں نے ڈسکہ واقعہ کی رپورٹ اعلیٰ حکام کے حوالے کر دی ہے جس کے مطابق وکیلوں ، پولیس اور ٹی ایم اے کے درمیان کئی دن سے جھگڑا چل رہا تھا ، پہلا جھگڑا دو ہفتے قبل وکلاء کی جانب سے ملزم کی گرفتاری پر ہوا اور دوسرا جھگڑا گزشتہ روز ہوا جب صدر بار رانا خالد عباس، سمیع اللہ اور سرفراز ساہی ٹی ایم اے آفس میں پیدائشی سرٹیفکیٹ کے اندراج کیلئے آئے تو کلرک چوہدری فاروق اور وکلاء کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی، کلرک نے پولیس کو بلایا تو پہلے دو پولیس اہلکار موٹرسائیکل پر ٹی ایم اے آفس پہنچے لیکن صورتحال قابو سے باہر ہو گئی تو ایس ایچ او خود موقع پر پہنچے لیکن تلخ کلامی بڑھتی گئی اور ایک دوسرے کو گالم گلوچ دیتے رہے تو ایس ایچ او نے اہلکار سے اسلحہ پکڑ کر پہلے ہوائی فائرنگ کی پھر براہ راست وکلاء پر فائرنگ کی جس کے بعد احتجاج ہوا اور غیر متعلقہ افراد نے احتجاج کی آڑ میں املاک کو نقصان پہنچایا۔

متعلقہ عنوان :