کراچی ، فقیر کالونی میں رینجرز کے آپریشن کے دوران خود کش حملہ، 2 دہشت گرد ہلاک،رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا بھی تبادلہ ، پولیس کی بھاری نفری اور بکتر بند گاڑیاں طلب، علا قے کی نا کہ بندی کر دی گئی

بدھ 27 مئی 2015 06:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) اورنگی ٹاوٴن کے علاقے فقیر کالونی میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں حملہ آور ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع پر اورنگی ٹاوٴن کے علاقے فقیر کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا تو علاقے میں واقع ایک گھر میں موجود دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے رینجرز کو دیکھ کر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا، دھماکے کے نتیجے میں خودکش حملہ آور ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔

فقیر کالونی میں آپریشن کے دوران رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور رینجرز پر دستی بم بھی مارے گئے جس کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری اور بکتر بند گاڑیاں بھی طلب کر لی گئیں جنہوں نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں 4 سے 5 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جب کہ خودکش حملے کے بعد سرچ آپریشن میں حملے میں تباہ ہونے والے مکان کے ملبے سے ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔