سیالکوٹ، پی آ ئی اے کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا،12ہزار روپے مالیت کی کھجو روں اور کلائی گھڑیاں صارف کو 30یوم میں واپس کرنے کا حکم

بدھ 27 مئی 2015 06:20

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) قومی ائیر لائن پی آ ئی اے کو سیالکوٹ کی ایک عدالت سے ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا۔کھجو روں اور کلائی گھڑیوں جن کی مالیت12ہزار روپے بنتی ہے صارف کو 30یوم میں ادا کرنے کا حکم دیا۔ ضلعی کنزیومر کورٹ نے صارف سے غیر پیشہ وارانہ سلوک کی پاداش میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج /پریزائڈنگ آفیسر ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ سیالکوٹ شفقت علی کی عدالت میں سائل محمد یوسف نے شکایت پیش کی کہ اس نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے پی آئی اے کا انتخاب کیااور عمرہ سے وطن واپسی پر پی آئی اے کے عملہ نے اپنی پیشہ وارانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائل کا قیمتی سامان گم کردیا۔ سائل نے پی آئی اے آفس سیالکوٹ کے متعدد چکر لگائے لیکن سائل کی کوئی شنو ائی نہیں ہوئی ۔ جس پر فاضل عدالت نے پی آئی اے کے عملہ کی پروفیشنل بدیانتی اور لاپروا ہی پر ایک لاکھ روپے ہرجانہ اور سائل کی گم ہونے والی کھجو روں اور کلائی گھڑیوں جن کی مالیت12ہزار روپے بنتی ہے صارف کو 30یوم میں ادا کرنے کا حکم دیا