راجن پور، خوشحال خان ایکسپریس کی 2بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں،متعددمسافرزخمی ،حادثے کی تحقیقات کیلئے سہ رُکنی کمیٹی تشکیل

بدھ 27 مئی 2015 06:15

راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء)عمرکوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پردھماکے کے باعث خوشحال خان ایکسپریس کی 2بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں،متعددمسافرزخمی ہوگئے ۔منگل کے روزخوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاورآرہی تھی کہ ریلوے اسٹیشن عمرکے قریب پہنچی توٹریک پرنصب بم دھماکے سے پھٹ گیا،جس کے باعث ریل کی 2بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں اورمتعددمسافرشدیدزخمی ہوگئے ،واقع کے بعدامدادی ٹیموں نے زخمیوں کوراجن پورمنتقل کردیاجبکہ ریلوے ٹریک کوکئی گھنٹے بعدبحال کیاگیاہے ۔

ادھروزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خوشحال خاں خٹک ایکسپریس کے حادثے کی تحقیقات کیلئے سہ رُکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ منگل کی شام کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خاں خٹک ایکسپریس کی 9 میں سے 6بوگیاں کوٹ بہرام پر پٹری سے اُتر گئیں جس کے نتیجے میں 2مسافر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ٹرین کے 383مسافروں کو بسوں کے ذریعے راجن پور پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا جہاں ان کے قیام و طعام کا مناسب بندوبست کیا گیا تھا۔

مسافروں کو اُن کی منزلِ مقصود تک پہنچانے کیلئے ملتان سے متبادل ٹرین راجن پور روانہ ہوگئی جبکہ ایک ریلیف ٹرین سمہ سٹہ سے اور دوسری ریلیف ٹرین روہڑی سے روانہ ہوئی۔ حادثے کی اطلاع پاتے ہی چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت اعلیٰ حکام سینٹرل کنٹرول روم لاہور میں پہنچ گئے ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی ان سے مسلسل رابطے میں رہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان دیگر ریلوے حکام کے ساتھ جائے حادثہ پر روانہ ہوگئے۔ چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ، چیف انجینئر اوپن لائن اور چیف مکینکل انجینئر کیرج اینڈ ویگنز پر مشتمل سہ رُکنی کمیٹی کو تین دن کے اندر تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔